پاکستان کرکٹ کی 70 سالہ تاریخ پر دستاویزی فلم تیار
فلم میں ان تمام شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جن کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کو کرکٹ کی دنیا میں نمایا مقام دلایا
آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ مل کر پاکستان میں کرکٹ کے 70 سال مکمل ہونے پر ایک دستاویزی فلم ریلیز کی ہے جو پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کے ساتھ ملک کی طویل تاریخ کو بیان کرتی ہے۔
ایس او سی فلمز کے بینر تلے تیار کردہ اس مختصر فلم میں پاکستان کرکٹ کی بلندیوں اور پستیوں کو مختصر انداز میں پیش کیا گیا ہے ، یہ دستاویزی فلم پاکستان کرکٹ کے مشکل حالات اور بلندیوں کہانی بیان کرتی ہےجس کا آغاز 1952 میں پاکستان کے ڈیبیو میچ سے ہوا اور آخر کار دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگز میں سے ایک ایچ بی ایل پی ایس ایل کے قیام تک پہنچا۔
دستاویزی فلم میں ان تمام شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جن کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کو کرکٹ کی دنیا میں نمایا مقام حاصل کرنے میں مدد فراہم کی اور اپنی بہترین کارکردگی سے اس بات کو یقینی بنایا کہ کوئی بھی کرکٹ ٹورنامنٹ گرین شرٹس کے بغیر مکمل نہ ہو”۔
یہ بھی پڑھیے
شرمین عبید کو کرونا میں خواتین پر گھریلو تشدد نامنظور
شرمین عبید چنائے سونیا حسین پر برہم
فلم میں دکھائے گئے کچھ اہم لمحات میں پاکستان کا 1954 میں انگلینڈ کے اپنے افتتاحی دورے پر ٹیسٹ میچ جیتنا، 1970 کی دہائی میں عمران خان کا ابھرنا، پاکستان کا 1992 کا ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنا، اور 2000 کی دہائی کے تاریک دن شامل ہیں۔ فلم میں ٹیم کی ایسے مشکل حالات سے نکل کر شاندار واپسی کے مناظر بھی دِکھائے گئے ہیں کہ جب ماہرین نے ملک میں کرکٹ کے اختتام کی پیش گوئی کردی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اس فلم کے بارے میں کہا ہے کہ’اُن کے لیے اس فلم کا حصّہ بننا فخریہ اور یادگار لمحہ تھا‘۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ’اُن کا ذاتی سفر پاکستانی کرکٹ کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ وہ اِن تمام مختلف کرداروں میں مثبت طور پر حصّہ ڈالنے کے قابل ہیں‘۔
شرمین عبید چنائے کا فلم کے بارے میں کہنا ہے کہ ’پاکستان کا کرکٹ کے لیے جنون بے مثال ہے‘۔ اُنہوں نے کہا کہ’ یہ پراجیکٹ بطور مداح اُن کے دل کے بہت قریب تھا، جو کہ اس کھیل کے ساتھ ہماری وابستگی کی ایک علامت ہے‘۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ’اُن کے لیے یہ کہانی سنانے اور دِکھانے کے قابل ہونا ایک خوشی کی بات ہے‘۔ یہ ستاویزی فلم ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے دوران مختلف ٹی وی چینلز اور اسٹیڈیمز میں دکھائی جائےگی۔