پاکستان میں جلد الیکٹرک بسیں چلیں گی، ملک امین اسلم
خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے ماحولیات نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروانے کیلیے ڈیڑھ ارب کی رقم مختص کی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزارت برائے ماحولیاتی تبدیلی نے الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروانے کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کا فنڈ مختص کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی پہلی پالیسی کے فوائد حاصل کرنے کے لیے ہمیں ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو شامل کرنے کا عمل تیز کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
ماحولیاتی آلودگی کی تباہ کاریاں ، عالمی سطح کے دو حریف ایک پیج پر آگئے
لاہور کے قریب ماحول دوست شہر میں 40 ارب کی سرمایہ کاری
ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ سرسبز و شاداب پاکستان منصوبے کے اقدامات کے تحت، میٹرو بس روٹس پر الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
یہ الیکٹرک بسیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چڑیا گھر سے مونال تک خصوصی روٹ تک بھی چلیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بسیں محفوظ، کم خرچ اور دھوئیں سے پاک سفر فراہم کریں گی اور شہریوں کو الیکٹرک گاڑیوں کے سفر کی ترغیب ملے گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیکس کی مخالفت کی ہے اور وہ اس ماحول دوست اقدام پر کم ٹیکس کی حمایت کرتے رہیں گے۔









