پی ایس ایل 7: ملتان سلطانز تینوں میچ جیت کر ناقابل تسخیر ثابت ہورہے ہیں
ملتان سلطانز نے اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز کو ، دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کو اور تیسرے میچ میں کوئٹہ گلینڈی کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست سے دو چار کیا۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری، ایونٹ میں ملتان سلطانز نے اپنی مسلسل کامیابیوں کو جاری رکھتے ہوئے پہلے تینوں میچز میں فتح حاصل کرلی ہے۔
اب تک ناقابل شکست ٹیم ملتان سلطانز آج اپنے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈز کے خلاف پنجہ آزمائی کرے گی ۔ یونائیٹڈز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کا 168 رنز کا ہدف 15.5 اوورز میں حاصل کرلیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
برطانوی فٹبالر میسن گرین ووڈ طالبہ سے زیادتی اور تشدد کے الزام میں گرفتار
رافیل نڈال آسٹریلین اوپن جیت کر سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والےکھلاڑی بن گئے
ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز
پی ایس ایل سیزن 7 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز کا ٹاکرا 2020 کی فاتح ٹیم کراچی کنگز سے ہوا تھا۔ دفاعی چیمپیئن نے ٹاس جیت کر پر باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بہترین ثابت ہوا۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کےلیے 125 رنز کا ہدف دیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز شرجیل خان رہے جنہوں نے 31 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 43 رنز اسکور کیے۔ جواب میں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔ ملتان سلطانز کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز محمد رضوان رہے جنہوں نے 47 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے اور ناقابل شکست رہے۔
ملتان سلطانز کے ہاتھوں لاہور قلندرز چاروں خانے چت
29 جنوری کو ملتان سلطانز کی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف میدان میں اتری۔ اس مرتبہ بھی ملتان سلطانز نے ٹاس جیت پہلے باؤلنگ کا فیصلہ اور لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی ٹیم کے بلے بازوں نے شاندار کھیل کا آغاز کیا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دھواں دھار اسٹروکس کھیلے ۔ لاہور قلندرز کے سب سے کامیاب بلے باز فخر زمان رہے جنہوں نے 35 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 76 رنز اسکور کیے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنا کر پہاڑ جیسا ہدف ملتان سلطانز کے سامنے لاکھڑا کیا۔ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے اپنے گول کو سیٹ کرتے ہوئے کھیل کا آغاز کیا اور اس کے بلے بازوں نے لاہور قلندرز کے باؤلر کی ایک نہ چلنے دی ، اوپننگ جوڑی نے 150 رنز جمع کیا۔ اس موقع پر ملتان سلطان کی پہلی وکٹ گری جب شان مسعود آؤٹ ہوئے انہوں نے 50 گیندوں پر 83 رنز اسکور کیے۔ ملتان سلطانز کے دوسرے کامیاب بلے باز محمد رضوان رہے جنہوں نے 42 گیندوں کا سامنا کیا اور 69 رنز بنائے۔ اس طرح ملتان سلطانز نے مقررہ ہدف 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں کےنقصان پر پورا کرلیا۔
ملتان سلطانز ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سامنے بھی ناقابل شکست
30 جنوری کو ملتان سلطانز اپنا تیسرا میچ کھیلنے کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میدان میں اتری ۔ تاہم اس مرتبہ ٹاس کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز قرار پائی ۔ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کا بیٹنگ کی دعوت دی۔ یہ میچ انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز اسکور بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کےلیے 175 رنز کا ہدف دیا۔ ملتان سلطانز کےسب سےکامیاب بلےباز شان مسعود رہے جنہوں نے 58 گیندوں پر 88 رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں وقفے وقفے سےگرتی رہیں تاہم بلےبازوں نے ہمت نہ ہاری ۔ میچ کے اختتام سے دو بالز قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 7 رنز درکار تھے جب کہ اس کے پاس صرف ایک وکٹ تھی۔ اس موقع پر نسیم شاہ نے ایک جاندار اسٹروک کھیلا تاہم باؤنڈری لائن پر موجود ٹم ڈیوڈ نے کوئی غلطی نہیں کی اور کیچ پکڑ لیا۔ اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ساری ٹیم 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔









