سال 2021، سندھ میں غیرت کے نام پر 128 خواتین قتل
صوبے میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافہ، زیادہ تر واقعات کشمور میں ہوئے جہاں 24 خواتین کو قتل کیا گیا۔

سندھ میں سال 2021 میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافہ، 128 خواتین سمیت 176 افراد موت کے گھاٹ اتار دیئے گئے، سب سے زیادہ واقعات کشمور ضلع میں ہوئے جہاں پر 24 خواتین سمیت 27 افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔
سندھ میں خواتین کے حقوق اور کاروکاری کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم سندھ سہائی آرگنائیزیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر عائشہ حسن دھاریجو، ایڈوکیٹ و سماجی رہنما سہیل میمن و دیگر نے پریس کانفرنس کی۔
یہ بھی پڑھیے
سبیکا امام کو قتل اور زیادتی کی دھمکیاں، ایف آئی اے میں شکایت درج
زینب الرٹ بل کی منظوری، کراچی میں ایک اور بچہ جنسی زیادتی کا شکار
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ غیرت کے نام پرضلع جیکب آباد میں 14 خواتیں اور 12 مردوں سمیت 26، شکارپور میں 18 خواتین اور 5 مردوں سمیت 23 افراد، گھوٹکی میں 14 خواتین اور 3 مردوں سمیت 17 افراد کو قتل کیا گیا۔
صوبے کے دیگر اضلاع میں 83 مرد و خواتین کو قتل کیا گیا، عائشہ حسن دھاریجو کے مطابق سال 2021 میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔
قتل کیسز میں اضافے کے باوجود صرف 70 فیصد کیسز رجسٹرڈ ہوئے، ان میں سے بیشتر مقدمات سرکار کی مدعیت میں درج ہوئے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پورے سال میں ایک بھی کیس میں ملزمان کو سزا نہ ہوسکی کیونکہ اس طرح کے واقعات کی تفتیش کمزور ہونے کی وجہ سے ملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملزمان کے دباؤ میں آکر متاثرہ خاندان ان سے سمجھوتہ کرلیتے ہیں کیونکہ پولیس کیس کو خراب کر دیتی ہے جبکہ صوبے میں خواتین پولیس افسران کی کمی کی وجہ سے خواتین کو تھانہ کچہری کے معاملات میں بھی مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاروکاری اور غیرت پر قتل کے واقعات کی روک تھام کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت سب سے زیادہ ہے۔









