بلدیہ عظمیٰ کراچی، من پسند ٹھیکیدار کو ادائیگی نہ کرنے پر مشیر مالیات برطرف
غلام مرتضیٰ بھٹو پر ٹھیکیدار کو 8 کروڑ ادا کرنے کیلیے دباؤ ڈالا گیا، انکار پر عہدے سے ہٹا دیا گیا، گریڈ 18 کا بااثر افسر مشیر مالیات مقرر۔

سپریم کورٹ کی طرف سے او پی ایس افسران پر پابندی کے واضح احکامات بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ہوا میں اڑا دیئے، ڈائریکٹر آر آر گریڈ 18 کے بااثر افسر امتیاز ابڑو کو گریڈ 20 کی پوسٹ پر مشیر مالیات کا اضافی چارج دے دیا گیا۔
مشیرمالیات غلام مرتضیٰ بھٹو کو چند شخصیات کے ماورائے قانون احکامات نہ ماننے پر عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
برطانیہ حکومت نے برطرف مسلم سابق وزیر کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دے دیا
سپریم کورٹ میں مرتضیٰ وہاب کی معافی قبول،برطرفی کا حکم واپس
سابق مشیر پر ایک ٹیھکیدار کو 8 کروڑ روپے کی ادائیگی کے لئے دباؤ ڈالا گیا، انکار پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
غلام مرتضیٰ بھٹو نے نہ صرف آٹھ کروڑ کے واجبات کی یکمشت ادائیگی سے انکار کر دیا بلکہ فائل پر دو اعتراضی نوٹ تحریر کر دیئے جو کہ ان کو ہٹائے جانے کا سبب بنا۔
دوسری طرف گریڈ 18 کے سابق پی سی ایس افسر امتیاز ابڑو کی تعیناتی کے لیے اسٹاپ گیپ ارنجمنٹ کا سہارا لیا گیا ہے۔
محکمہ اسٹیٹ سمیت دیگر محکموں میں تعیناتی کے دوران امتیاز ابڑو مسلسل مختلف الزامات کی زد میں رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹھیکیدار کی ادائیگی لیے امتیاز ابڑو کو مشیر مالیات کا چارج دیا گیا ہے۔
گریڈ 19 کے سینئر افسر کا تبادلہ کر کے گریڈ 18 کے جونئیر افسر کو گریڈ 20 کی اہم پوسٹ پر تعینات کرنے پر محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ پراسرار طور پر خاموش ہے۔