سکھر میں شہریوں کا پلیٹیں، بجری ، پتھر اور ریت اٹھا کر انوکھا احتجاج
جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیراہتمام حکومت ، مہنگائی ، کرپشن اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف بزرگوں ، بچوں ، خواتین اور نوجوانوں نے مظاہرہ کیا۔

سکھر: جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سماجی تنظیموں کا مہنگائی ، کرپشن اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پلٹوں میں بجری ، پتھر ، ریت رکھ کر انوکھا احتجاجی مظاہرہ ، حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف نعریبازی ، چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سرکاری اداروں میں کرپشن ، حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سکھر کی سماجی تنظیموں کا جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام جناح چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے
پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، سکھر میں موٹرسائیکل کا علامتی جنازہ
سکھر میں ترقیاتی کاموں کی آڑ میں سڑکوں کی کھدائی شروع
مظاہرے میں شامل افراد نے ہاتھوں میں تحریری پلے کارڈ جبکہ بچوں نے ہاتھوں میں مہنگائی کے خلاف پلٹوں میں مٹی اور پتھر اٹھا رکھے تھے۔
مظاہرے کی قیادت جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے صدر اصلاح الدین شیخ کر رہے تھے جبکہ دیگر رہنماﺅں میں ملک اشفاق ، توفیق بندھانی ، نعیم الدین شیخ محمد شاہد بندھانی ، عمران شیخ و دیگر شامل تھے۔
مظاہرے سے خطاب کے دوران اصلاح الدین شیخ کا کہنا تھا کہ ملک میں غربت ، مہنگائی اور کرپشن جیسے خطرناک مسائل کی جڑ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں، مہنگائی کے سونامی نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔
حکومت کرپشن اور غربت کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، ملک کے کرپٹ سیاستدان ، افسران اور بیورو کریٹس عیاشی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ، ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو عوام کے بنیادی مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ، ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاسی نمائندگان اور بیورو کریٹس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ،عوام مہنگائی ،بے روزگاری ،سڑیٹ کرائم اور کرپشن کے ظلم کا شکاردیکھائی دیتے ہیں لیکن افسوس ان مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے سرکاری اداروں میں جائز کاموں کیلئے رشوت وصول کی جا رہی ہے۔
اصلاح الدین شیخ کا کہنا تھا کہ محکمہ کسٹم سکھر کا عملہ اسمگل ضبط شدہ اشیاءمارکیٹ میں فروخت کر رہا ہے شکایات اور نشاندہی کے باوجود کاروائی نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔
دیگر رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ اگر حکومت پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مہنگائی کر رہی ہے تو سب سے پہلے ملک کے سیاستدانوں اور بیورو کریٹ افسران کی تنخواہیں عام مزدور جتنی کی جائے ہمیں امید ہے پاکستان خود بخود بحرانوں سے نکل آئیگا۔
عوام کو انکی بنیادی سہولتیں مہیا کرنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، کرپشن کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور کرپشن میں ملوث سرکاری افسران و کرپٹ بیورو کریٹس کو فوری ہٹا کر انکی جگہ ایماندار اور وطن عزیز سے مخلص افسران اور بیورو کریٹس تعینات کئے جائے تاکہ ملک ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہو سکے۔