پاک آسٹریلیا میچ، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا روٹ تبدیل
ذرائع کے مطابق پہلے لانگ مارچ کے شرکاء نے راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں قیام کرنا تھا مگر اب لانگ مارچ کے شرکا شہر میں داخل نہیں ہوں گے
پاکستان پیپلز پارٹی کے کل راولپنڈی پہنچنے والے لانگ مارچ کا روٹ پاک آسٹریلیا کرکٹ میچ کے سبب تبدیل کردیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کے شرکاء اعلان کردہ شیڈول کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کل آٹھ مارچ کو راولپنڈی پہنچیں گے تاہم لانگ مارچ کا روٹ پاک آسٹریلیا کرکٹ میچ کے باعث تبدیل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ کے حکمران عوام کو نوچ نوچ کر کھا رہے ہیں، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا
موجودہ سیاسی صورتحال میں فون کال اہمیت اختیار کرگئی
ذرائع کے مطابق پہلے لانگ مارچ کے شرکاء نے راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں قیام کرنا تھا مگر اب لانگ مارچ کے شرکا شہر میں داخل نہیں ہوں گے اور لیاقت باغ کے بجائے راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر واقع روات ٹی چوک پر قیام کریں گے۔
پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹوزرداری روات ٹی چوک پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔
لانگ مارچ روات ٹی چوک سے اسلام آباد ایکسپریس وے کی جانب جائے گا، جہاں سے لانگ مارچ کے شرکاء فیض آباد سے ہوتے ہوئے ڈی چوک پر پہنچیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مارچ کے حوالے سے پارٹی کے اراکینِ قومی اسمبلی کو اسلام آباد میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں لانگ مارچ کے شرکاء کے استقبال کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جس کے تحت لانگ مارچ کے شرکاء کے قیام کے لیے ٹینٹ ویلج قائم کیا گیا ہے، جہاں لائٹوں اور اسپیکر کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے، جنہیں جنریٹرز کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے گی۔
لانگ مارچ کے شرکاء کے لیے کھانا کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ٹینٹ ویلج کے قریب بیت الخلا بھی قائم کئے گئے ہیں۔
روات کے علاقے میں استقبالیہ کیمپ بنایا گیا ہے جہاں پیپلز پارٹی کے بڑے بڑے جھنڈے اور قد آور بل بورڈ نصب کئے گئے ہیں جن پر بلاول بھٹو، آصف علی زرداری اور بینظیر بھٹو سمیت پارٹی رہنماؤں کی تصاویر موجود ہیں۔