نیول چیف کی سعودی عرب کے عسکری حکام سے اہم ملاقات
ایڈمرل امجد نیازی برادر ملک سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں، امریکی سینٹرل نیول کمانڈ کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے موقع پر سعودی وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ العتیبی اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغوفیلی سے ملاقات کی۔
نیول چیف نے سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے منعقدہ ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کی اور امریکی سینٹرل نیول کمانڈ کے سربراہ وائس ایڈمرل براڈ کوپر سے بھی ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم کا دورہ روس ، امریکا کی ناراضگی مول لینے کا تیسرا واقعہ
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر سول اور عسکری قیادت نے چپ سادھ لی
امیر البحر نے سعودی فوجی قیادت اور امریکی سینٹرل نیول کمانڈ کے سربراہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ دفاعی تعاون اور خطے میں بحری سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔
ایڈمرل امجد نیازی نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیرِ اہتمام ملٹی نیشنل نیول ٹاسک فورسز میں شرکت اور پاک بحریہ کی جانب سے اس کی قیادت کرنے سے متعلق آگاہی فراہم کی۔
سعودی حکام نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے پا کستان کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔









