وی لاگر اسد طور کی جنرل فیض حمید سے متعلق خبر جھوٹی نکلی
معروف صحافی نے اپنے تازہ ترین وی لاگ میں الزام لگایا تھا کہ آرمی چیف نے کورکمانڈر پشاور کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے جس کی تردید آئی ایس پی آر نے کر دی ہے۔
پاکستان کے معروف وی لاگر اور صحافی اسد طور نے خبر دی ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو شوکاز نوٹس جاری کیا جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے جھوٹ پر مبنی خبر قرار دے دیا ہے۔
وی لاگر اسد طور نے یوٹیوب پر اپنے تازہ ترین وی لاگ میں تمہید باندھتے ہوئے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک فوجی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے ، یہ شوکاز نوٹس کسی عام فوجی افسر کو جاری نہیں ہوا ہے بلکہ یہ شوکاز نوٹس لیفٹیننٹ جنرل کو جاری ہوا ہے۔ یہ ان ٹاپ سکس لیفٹیننٹ جنرل میں شامل ہیں جنہیں شوکاز نوٹس جاری ہے۔ یہ لیفٹیننٹ جنرل اگلے آرمی چیف کی دوڑ میں موجود ہیں۔ یہ لیفٹیننٹ جنرل کورکمانڈر ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
فوج کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، میجر جنرل بابر افتخار
پی ٹی آئی کے گڑھ میں شگاف، لیاقت اور احد خٹک جے یو آئی (ف) میں شامل
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ خبر بالکل غلط اور من گھڑت ہے۔
یوٹیوبر اسد طور نے اپنے تازہ ترین وی لاگ میں دعویٰ کیا ہےکہ آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو ق لیگ کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کو فون کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
وی لاگر اسد طور کے تازہ ترین وی لاگ کو اعلیٰ حلقوں میں بڑی سنجیدگی سے دیکھا جارہا ہے جبکہ آئی ایس پی آر کی جانب سے اس خبر کی تردید بھی آگئی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گذشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں نام لیے بغیر الزام لگایا تھا کہ پشاور میں بیٹھی ایک اعلیٰ شخصیت نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے ن لیگ کے کچھ اراکین قومی اسمبلی سے رابطہ کیا تھا ۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج کا سیاست سے کچھ لینا دینا ہے ، سیاست میں فوج سے متعلق مزید بحث نہ کی جائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے اس بحث کا کچھ حاصل نہیں ہے، ان سے پوچھیں جو ہمارے بارے میں باتیں کرتے ہیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار کا کہنا تھا کہ فوج کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، یہ ایسے ہی ہے اور ایسے ہی رہے گا۔









