وفاقی وزراء کے درمیان لفظی جنگ ، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں ٹھن گئی
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد نے سیاست میں تلخیاں پیدا کردی ہیں صورتحال کو اس نہج پر نہ لے جائیں کے صلح مشکل ہو جائے۔
جس دن وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مفاہمت کی بات کی ٹھیک اسی دن وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بیان نے ماحول کو مزید گرما دیا ہے اور مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کی حکومت کے درمیان ٹھن گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "پانچ سیٹوں والے وزارت اعلیٰ کے لیے بلیک میل کررہے ہیں۔ہمارے پاس لوگ اپنی مرضی سے آئے تھے اب جو جارہے ہیں وہ بکاؤ مال ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کی مبینہ اے ٹی ایم ن لیگ کی گود میں جانے کو تیار
وزیراعظم ڈرائنگ روم کی سیاست کیساتھ عوامی سیاست کے محاذ پربھی سرگرم
وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے بلیک میلنگ کے الزام پر مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور چوہدری پرویز الہیٰ کے صاحب زادے مونس الہیٰ نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ "میں شیخ صاحب کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ بھول رہے ہیں کہ اسی جماعت کے لیڈران کے بزرگوں سے جناب اپنی سٹوڈنٹ لائف میں پیسے لیا کرتے تھے۔”
میں شیخ صاحب @ShkhRasheed کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ بھول رہے ہیں کہ اسی جماعت کے لیڈران کے بزرگوں سے جناب اپنی سٹوڈنٹ لائف میں پیسے لیا کرتے تھے pic.twitter.com/2Ds47MhtKE
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) March 12, 2022
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا ، کیا آپ کا 5 ووٹوں کا اشارہ جام کمال کی جانب ہے؟ جس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں پنجاب کی سیاست کی بات کررہا ہوں۔
واضح رہے جب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی ہے ملکی سیاست میں ایک بھوچال آیا ہوا ہے ۔ اور بیانات میں گرما گرمی بڑھتی جارہی ہے ۔ اسی گرمی کو کم کرنے کے لیے آج وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا تھا کہ "اپوزیشن کی بغیر سوچے سمجھے عدم اعتماد کی تحریک نے سیاست میں تلخیاں ہیدا کر دیں، جمہوریت اتنی انتہائ تقسیم کا نظام نہیں ہے اس میں کم از کم اتفاق رائے پر نظام استوار ہوتا ہے،سمجھتا ہوں اتنی تقسیم نہ ہو کہ کسی بھی سبب گفتگو ہی مشکل ہو جائے لڑنا مشکل نہیں بعد میں صلح مشکل ہوتی ہے۔”
اپوزیشن کی بغیر سوچے سمجھے عدم اعتماد کی تحریک نے سیاست میں تلخیاں ہیدا کر دیں، جمہوریت اتنی انتہائ تقسیم کا نظام نہیں ہے اس میں کم از کم اتفاق رائے پر نظام استوار ہوتا ہے،سمجھتا ہوں اتنی تقسیم نہ ہو کہ کسی بھی سبب گفتگو ہی مشکل ہو جائے لڑنا مشکل نہیں بعد میں صلح مشکل ہوتی ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 12, 2022
شیخ رشید نے اپنے بیان میں اپوزیشن کو صلح صفائی کی پیش کش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں صلح صفائی کی جانب جانا چاہیے ، مل بیٹھ کر ذاکرات سے کوئی حل نکالنا چاہیے ایسا نہ ہو الیکشن میں ایک سال رہ گیا اور پھر دس سال لائن میں لگنا پڑے۔









