بابر اعظم واقعی کرکٹرِ اعظم ہیں وزیراعظم سمیت سب نے مان لیا

آسٹریلوی ٹیم کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سر ویون رچرڈز ، مائیکل وان اور ہرشا بھوگلے نے بابر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار پرفارمنس دینے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو وزیراعظم عمران خان اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سر ویوین رچرڈز سمیت کرکٹ سے منسلک معروف شخصیات نے مبارکباد دی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ "بابر اعظم کو شاندار کپتانی اننگز کھیلنے اور ورلڈ کلاس بیٹنگ کے ساتھ زبردست فائٹ بیک کرنے اور پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ خاص طور پر محمد رضوان ، عبداللہ شفیق اور باقی ٹیم کو بھی مبارکباد جنہوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔”

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم کراچی ٹیسٹ نہ جتوا سکے شائقین کے دل جیت لیے

شاہین آفریدی کی درخواست پر لاہور قلندرز کا زمان خان کو گھر دینے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نےاپنے پیغام میں مزید لکھا ہے کہ "بدقسمتی سے میں یہ میچ نہیں دیکھ سکا کیونکہ میں ایک اور محاذ پر پھنسا ہوا جہاں میچ فکسنگ چل رہی ہے ، میرے کھلاڑیوں کو خریدنے کےلیے بھاری رقم استعمال کی جا رہی ہے۔”

انڈیا کے معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے لکھا ہے کہ "بابر ، رضوان اور آفریدی تینوں فارمیٹس میں کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو سہارا دیئے ہوئے ہیں۔”

انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز مائیکل وان نے بابر اعظم کی پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "کسی بھی سوال کے بغیر ، میں سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم اس وقت دنیا کے بہترین بلے باز ہیں ، انہوں نے تمام فارمیٹس میں بہترین خدمات انجام دی ہیں۔”

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سر ویون رچرڈز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابر اعظم اور محمد رضوان کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "ان دونوں نے غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ دنیائے کرکٹ میں ایسے پلیئرز کو دیکھنا بہت کم نصیب ہوتا ہے۔ زبردست بابر اعظم اور محمد رضوان۔”

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف بہتر کارکردگی کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "مجھے یہ اننگ کئی حوالوں سے ہمیشہ یاد رہے گی ، عبداللہ شفیق اور محمد رضوان سمیت ساری ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کراچی کے شائقین کرکٹ کا بہت شکریہ۔”

 

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 425 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 196 رنز اسکور کیے ، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 21 چوکے شامل تھے۔

متعلقہ تحاریر