حکومت کے اتحادی”مائنس ایماندار وزیراعظم“کا فارمولا لے آئے

خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم کے استعفے کی صورت میں حکومت بچنے کا امکان ظاہرکردیا،طارق بشیر چیمہ نے بھی تائید کردی،اتحادی اور منحرف ارکان وزیراعظم کے ایماندار ہونے کابرملااظہار کرچکے

حکومت کی دو بڑی اتحادی جماعتوں (ق) لیگ اورایم کیوایم نے موجودہ سیاسی  بحران حل کرنےکے لیے  مائنس ایماندار وزیراعظم  کافارمولاپیش کردیا۔

ایم کیوایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور ق لیگ کے جنرل سیکریٹری طارق بشیر چیمہ نے مشورہ دیا ہے کہ وزیراعظم تحریک انصاف کی حکومت بچانا چاہتے ہیں تو خود استعفیٰ دیکر کسی اور وزیراعظم بنادیں تو بات بن سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اپوزیشن نے”ووٹ کو عزت دو“ کا بیانیہ سندھ ہاؤس میں دفن کردیا

شہباز گل اور عالیہ حمزہ آپے سے باہر،ٹی وی چینلز نےگالیاں نشرکردیں

ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے جیو کے پروگرام آج شاہزیب خانزاہ کے ساتھ  میں گفتگوکرتے ہوئےکہا کہ  حالیہ سیاسی پیش رفت کے بعد یہ افسوسناک صورتحال ہے۔انہوں نے کہا کہ آج حالات ناگفتہ بہ ہیں۔ میرے خیال میں یہ صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے۔ اسے جمہوری اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے لیکن اب یہ بہت مشکل ہے۔

میزبان نے سوال کیا کہ کیا وہ کہہ رہے ہیں کہ موجودہ حکومت اب نہیں بچے گی۔ اس پر خالد مقبول صدیقی نے جواب دیا کہ ہاں،وزیراعظم تو بچتے ہوئے نظر نہیں آرہے لیکن پی ٹی آئی حکومت بچ سکتی ہے لہٰذا حکومت بچانے کے لیے ایسے بہت سے آپشن ہیں جن پر غور ہو سکتا ہے۔اس وقت سنجیدگی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اگر مشیر اچھے ہوں تو جمہوریت اور ملک کو کسی بھی قسم کے بحران سے بچایا جا سکتا ہے۔ اب بھی بہت سے آپشنز باقی ہیں لیکن میں اس پر تبصرہ نہیں کرنا پسند کروں گا ۔

دوسری جانب (ق) لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ  نے بھی  خالد مقبول صدیقی کی بات کی تائید کردی۔طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ کوئی نیا ایڈونچر کرنے کے بجائے پی ٹی آئی سے ہی کسی ایسے رکن کو سامنے لائیں جس پر وزارتِ عظمیٰ کے لیے اتفاق کیا جاسکے ، ووٹنگ کے دن تک کی مہلت ہے۔علاوہ ازیں خالد مقبول صدیقی اور طارق بشیر چیمہ دونوں نے سندھ میں گورنر راج کی بھی مخالفت کردی۔

موجودہ سیاسی صورتحال پر ناقدین کا کہنا ہے کہ  ایک طرف منحرف ارکان اسمبلی اور حکومت کے اتحادی مسلسل اس بات کو تسلیم کررہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ایماندار ہیں۔ایم کیوایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی ،عامر خان، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہٰی، پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار ونکوانی نے متعدد ٹی وی پروگراموں میں اس بات کا برملا اظہار کیا ہے کہ عمران خان کرپٹ نہیں ہیں مسئلہ ان  کے مشیروں کا ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ جب عمران خان کرپٹ نہیں ہیں تو انہیں مائنس کرنے کا مطالبہ کیا معنی رکھتا ہے؟ کیا منحرف ارکان اور اتحادی ایماندار وزیراعظم کو مائنس کرنا چاہتے ہیں؟

متعلقہ تحاریر