لاہور: اوگرا کی عوامی سماعت ، قیمتوں کے تعین کےلئے درخواست زیر غور
سماعت میں تمام سٹیک ہولڈرز، صارفین اور عوام الناس کو مدعو کیا گیا تھا تا کہ وہ ایس این جی پی ایل کی درخواست پر اپنا نقطہ نظر پیش کر سکیں

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے 30مارچ 2022کولاہور کے مقامی ہوٹل میں عوامی سماعت کا انعقاد کیا جس میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی مالی سال2022-23کےلئے مالی ضروریات کے تخمینے اور مجوزہ قیمتوں کے تعین کےلئے درخواست زیر غور لائی گئی۔
ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق درخواست دہندہ نے اوسطاً2,074.89روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تخمینہ لگایا ہے جس میں قدرتی گیس کے کاروبار میں گزشتہ سال کا خسارہ بھی شامل ہے۔ مقامی شعبے کو آر ایل این جی کی فراہمی کی مد میں بھی 33,950ملین روپے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کو گیس کی لاگت میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اوگرا کا مارچ کےلیے ایل پی جی کی قیمت میں 27 روپے اضافے کا اعلان
روس یوکرین جنگ، ایل این جی مہنگی ہونے کا خدشہ، پاکستان کیلیے مشکلات
درخواست دہندہ نے مالی سال2022-23کےلئے آر ایل این جی کی مد میں 490.18روپے فی ایم ایم بی ٹی یوتخمینہ لگایا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی2022سے ہو گا. اس میں آر ایل این جی کی ڈائیورژن کی مد میں 330.68روپے فی ایم ایم بی ٹی یو بھی شامل ہیں۔
عوامی سماعت میں تمام سٹیک ہولڈرز، صارفین اور عوام الناس کو مدعو کیا گیا تھا تا کہ وہ ایس این جی پی ایل کی درخواست پر اپنا نقطہ نظر پیش کر سکیں۔ عوامی سماعت میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔
پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن صدر حاجی ایوب، اور محبوب الہیٰ، کنسلٹنٹ انرجی اینڈ ریگولیٹری افیئرز غیاث عبداللہ پراچہ چیرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے اپنے اعتراضات تحریری شکل میں جمع کروائے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو یکم اپریل 2022کو پشاور میں عوامی سماعت کے انعقاد کے بعد سنایا جائے گا۔









