شوبز شخصیات اور کھلاڑی تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر خوش

وسیم اکرم،وقار یونس،محمد حفیظ،اداکار شان ، خلیل الرحمان قمر، عاصم اظہر،شاہویر جعفری،ایمن خان، ہارون شاہد، فیصل خان،زارا نور عباس،ثناجاوید،صبا قمر اور شہروز سبزواری کے سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے حق میں بیانات

پاکستان میں شوبز شخصیات اور کھلاڑی شاذ و نادر ہی سیاست پر بات کرتےہیں کیونکہ پاکستان میں حکومتیں بدلتے دیر نہیں لگتی۔اس صورتحال کے پیش نظر کھلاڑی اور فنکار ایک حکومت کی تعریف کرکے اگلی حکومت سے معاملات بگاڑنا یا اسکے زیر عتاب آنا نہیں چاہتے۔

یہی وجہ ہے کہ کھلاڑی اور فنکار اپنی سیاسی وابستگیاں ظاہر نہیں کرتے ۔مگر  وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے خوش نصیب ہیں کہ انہیں پاکستانی فنکاروں اور سابق و موجودہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہے۔

وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے بعد  پاکستانی فنکاروں اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے وزیراعظم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی فنکار عمران خان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے

وسیم اکرم سے عمران خان کی تعریف سن کر احسن اقبال سیخ پا

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے وزیراعظم عمران خان کو گیم چینجر قرار دیدیا۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے  عمران خان، اسکیپر، تاحال ناٹ آؤٹ اور سرپرائز کے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے۔

سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے لکھا کہ ہمیشہ کی طرح آپ پر فخر ہے کپتان، کیا ماسٹر اسٹروک ہے،عدم اعتماد کی تحریک کو کچل دیا گیا،گیم چینجر۔پیدائشی رہنما۔پاکستان زندہ باد۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ  نےلکھا کہ بصد احترام ، میں تمام سیاسی رہنماؤں پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم ایک قابل فخر قوم ہیں اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ میرے وزیر اعظم سے اختلافات ہیں۔ لیکن ان کے پاکستان کی سالمیت کے موقف پر میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میں قابل فخر پاکستانی ہوں۔

 تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے ایک روز قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکارشان اور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرکےانہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

اداکار شان شاہد نے  اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  وزیراعظم عمران  خان سے دل سے دل کی بات چیت ہوئی۔ ان کے پاس پاکستان کے لیے منصوبے ہیں۔ اسے معلق پارلیمنٹ سے آزاد کر کے اسے کام کرنے کی آزادی اور طاقت دیں اور دیکھیں کہ وہ پاکستان کو کس طرف لے جاتا ہے۔ نیوز چینلز اس کا ایک رخ دکھاتے ہیں۔ اصل عمران خان کا مقصد اقتدار نہیں عوام ہے ۔

ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے لکھا کہ  اب مقدس ایوان میں صرف مقدس لوگ داخل ہوں گے چور ڈاکو لوٹے ہوئے پیسے واپس کریں اور اپنے ملک انگلینڈ جائیں۔

گلوکار عاصم اظہر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  دوستی سب سے پر غلامی کسی کی نہیں۔عمران خان

اداکار شاہویر جعفری نے لکھا کہ آپ اس انسان کوکبھی نہیں جھکا سکتے جو کہتا ہے،’’نہ میں کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں، اور نہ کبھی اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دونگا‘‘۔

گلو کارحسن رحیم نے لکھا کہ عمران خان ہم آپ کے ساتھ ہیں ،کوئی نہیں گھبرایا۔

اداکارہ ایمن خان نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ارکان پارلیمان کو دیے گئے  عشائیے کے  موقع پر لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد لکھا۔

گلوکار ہارون شاہد حکومتی اقدام پر پھولے نہیں سمائے اور انہوں نے متعدد ٹوئٹس کیے۔ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ آج فجرکی نماز کے بعد دعا میں ایک ہی نام تھا، اللہ اسکی حفاظت فرمائے۔

ایک اور ٹوئٹ میں ہارون شاہد نے لکھا کہ اپوزیشن والوں کا روزہ ٹوٹ گیا۔

ایک اور ٹوئٹ میں ہارون شاہد نے لکھا کہ  سارا دن گرمی میں فیلڈنگ کرا کے جب بیٹنگ آئی تو اگلے اعلان کر کے گھر چلے گئے  اوپر سے  گیند، ٹیپ اور گراؤنڈ کے پیسے بھی بھرنے پڑگئے۔

اداکار فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے ایک روز قبل وزیراعظم کے نام وڈیو پیغام جاری کیا۔ فیصل قریشی نے کہا کہ  خان صاحب آپ نے کہا تھا کہ گھبرانہ نہیں ہے ، اب ہم کہتے ہیں کہ آپ نے نہیں گھبرانا۔

ان کی اہلیہ نے کہا کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں ، پاکستان کے عوام آپ کے ساتھ ہیں ، فیصل قریشی نے مزید کہا کہ اللہ کامیاب کرے گا۔ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دن  فیصل قریشی نے لکھا کہ پاکستان زندہ باد، پاکستان کے عوام زندہ باد، ہم عمران خان کیساتھ ہیں۔

تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے کے بعد اداکار فیصل قریشی نے تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے کے بعد اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا ہنڑ آرام اے۔

اداکار فیروز خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ عمران خان  محبت کے قابل ایسا سیاستدان ہےجس نے سب کے منہ موڑنے کے باوجود فتح حاصل کی۔

فیروز خان نے اپنے ٹو ئٹ میں لکھا کہ  عمران خان  آپ جانتے ہیں کہ آپ  نہیں جا رہے ہیں، صحیح؟  آپ اس کے ذریعے اپنا وقار حاصل کریں گے،انشااللہ

اداکارہ زارا نور عباس نے وزیراعظم عمران خان کو شہزادہ قرار دیدیا اور وزیراعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہمارا شہزادہ۔

اداکارہ ثنا جاوید نے وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ روز کے اقدام کو ماسٹر اسٹروک قرار دے دیا۔

اداکارہ صبا قمر نے اپنی اسٹوری میں لکھا وزیراعظم عمران خان نیازی.

اداکار شہروز سبزواری نے انسٹاگرام اسٹوری میں وزیراعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے شاعر مشرق علامہ اقبال کا شعر بھی لکھا۔

متعلقہ تحاریر