بنوں : سی ٹی ڈی کا آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک ،بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمد

دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھے

محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)خیبرپختونخوا نے بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ہلاک دہشتگردوں سے آئی ای ڈی، موٹر سائیکلیں ، موبائل فونز ،سم کارڈز اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور ڈسٹرکٹ پولیس ضلع بنوں نے گزشتہ رات دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر تھانہ ہوید حدود کے علاقہ زندی فلک شیر میں مشترکہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی جس پر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

سی ٹی ڈی کراچی کی کوئٹہ میں کارروائی، قتل کا ملزم گرفتار

ڈی آئی خان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، تین دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر ساز و سامان برآمد کیا گیا۔ مذکورہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے3 کلاشنکوف،12میگزینز،9ایم ایم پستول،30 بورڈ پستول، سینکڑوں کارتوس، نقد رقم، مختلف سم کارڈز، موبائل فونز، ایک آئی ای ڈی نصب شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر دہشتگرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے سی ٹی ڈی پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

متعلقہ تحاریر