شوبز انڈسٹری کا کھل کر عمران خان سے اظہار یکجہتی

ہارون شاہد کی کراچی میں مظاہرے میں شرکت،شان شاہد، ماہر خان،بلال اشرف،ثمینہ پیرزادہ، حناخواجہ بیات،یمنیٰ زیدی، فرحان سعید،منیب بٹ، ایمن منیب،وینا ملک، مایا علی، زید علی ، حریم فاروق اور زارا نور عباس عمران خان کی حمایت میں بول پڑیں

سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد شوبز انڈسٹری کی بڑی تعداد ان کی حمایت میں سامنے آگئی اور سوشل میڈیا پر عمران خان اور پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

عمران خان کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد 10 اپریل کی رات ڈرامائی انداز میں ووٹنگ کے بعد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی فنکار عمران خان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے

برطانوی نژاد پاکستانی فنکار رز احمد نے آسکر ایوارڈ جیت لیا

اداکار ہارون شاہد تحریک انصاف کے پرزور حامی ہیں اور عملی طور پر تحریک انصاف کے جلوسوں اور مظاہروں میں شرکت کرتے رہتے ہیں ۔گزشتہ روز بھی انہوں نے  کراچی میں ملینیئم مال پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ شرکت کی۔

ہارون شاہد نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  اب پرامن طور پر سڑکوں پر نکلنے کا وقت ہے ،سوشل میڈیا پر باتیں بہت کرلیں، اہلخانہ کے ساتھ کراچی کے احتجاج میں جارہا ہوں۔بعد ازاں  انہوں نے احتجاجی مظاہرے کی مختلف وڈیو بھی شیئر کیں۔

اداکار شان شاہد نے لکھا کہ  یہ وطن قوم کا ہے اور قوم حق پر چلنے والے عمران خان کے ساتھ ہے۔ یہ آزادی کاسفر جناح سے شروع ہوکر عمران خان تک پہنچا ہے، اب رکے گا نہیں ، پاکستان بیدار ہوگیا ہے۔

شان شاہد نے مزید لکھا کہ تم ان کی ضمانت لیتے ہو ہم اس کی ضمانت دیتے ہیں ، یہ وطن امانت ہے میری، تم اس میں خیانت مت کرنا، عمران خان اب یہی امین ہمارا ہے، اس وطن کا یہ سہارا، تم ان کی ضمانت لیتے ہو ہم اس کی ضمانت دیتے ہیں۔

اداکارہ ماہرہ خان نے  وزیراعظم عمران خان کے ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ نہیں، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کوئی بھی حکومت کامل تھی۔ ہاں، اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم پاکستانی عوام نہیں چاہتے کہ تاریخ اپنے آپ کو دوبارہ دہرائے!پاکستان زندہ باد۔ پاکستان پائندہ آباد

اداکار بلال اشرف نے لبرٹی چوک لاہور میں منعقدہ  تحریک انصاف کے مظاہرے کی وڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم ایک بہتر مستقبل اور بہتر پاکستان کیلیے متحد ہیں، یہ صر آغا ز ہے، پاکستان زندہ باد

اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ بھی تحریک انصاف کی پرزور حامی ہیں اور ان دنوں روزانہ تحریک انصاف کی حمایت میں بڑی تعداد میں ٹوئٹس کررہی ہیں۔

انہوں نے عمران خان نے کے نام اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  چلیں آئندہ انتخابات کی تیاری کرتے ہیں، میں آپ کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہوں گی۔

اداکارہ نے عمران خان کے چاہنے والوں کے لیے بھی پیغام جاری کیا اور کہا کہ گھبرانا نہیں ہے، یہ ایک نئی شروعات ہے۔ دو تہائی اکثریت  اتحادی حکومت سے بہتر ہے، لوگو اٹھو ہم اپنے کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ثمینہ پیرزادہ نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ عمران خان ہمیں لمبی نیند سے جگانے کا شکریہ، ہم نے اس سیاسی تھیٹر کے سارے چہرے جان لیے ہیں ، پہچان لیے ہیں۔

حنا خواجہ بیات نے اپنی مختصر ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی اور لکھا کہ ایک شخص پاکستان کی سالمیت کے لیے تنہا کھڑا تھا اور ملک کے باقی تمام ادارے کرپٹ سیاسی مافیا کو این آر او دینے کے لیے کھڑے تھے۔

اداکارہ یمنیٰ زیدی نے عمران خان کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے فیض احمد فیض کی نظم نثار میں تیری گلیوں کے شیئر کی ۔

یمنیٰ نے انسٹاگرام کی اسٹوری میں لکھا کہ اگر کوئی سیدھے راستے پر ہے تو وہ ہمیشہ اوپر کی جانب ہی رہے گا، عمران خان کی حمایت کرنے والوں کی تعداد میں اب اضافہ ہوجائے گا۔

 گلوکار  فرحان سعید نے عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹ کی اور لکھا کہ تم کتنے عمران گھر بھیجو گے، ہر گھر سے عمران نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری سوچ سے بھی زیادہ مشکل ہوگیا ہے لیکن گھبرانا نہیں ہے۔

اداکارشاہ ویر جعفری نے لکھا کہ میں عمران خان کو سلام پیش کرتا ہوں، جس طرح وہ تنِ تنہا لڑے، اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ملک بچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔

انہوں نے مزید  لکھا کہ  خان ابھی گھر سے نہیں نکلا اور  ملک میں انقلاب برپا ہے،  تصور کریں کہ جب وہ باہرنکلے گا تو کیا ہوگا۔

منیب بٹ نے تحریک انصاف کے کراچی میں منعقدہ مظاہرے کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم بھکاری نہیں ہیں۔ ہم پاکستان کی  سالمیت کے لیے لڑیں گے۔

اداکارہ وینا ملک  گزشتہ ہفتے ہی دوبارہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سرگرم ہوئی ہیں اور کھل کر تحریک انصاف کی حمایت کررہی ہیں۔

اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پوری دنیا میں لوگ عمران خان کے لیے سڑکوں پر آچکے ہیں اور کتنے لوگ چاہئیں کہ آپکے ضمیر جاگیں۔ اٹھو زمانہ چال قیامت کی چل گیا

اداکارہ مایا علی نے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کل کا دن پاکستان کی تاریخ کا سب سے افسوسناک اور سیاہ دن تھا۔ ہمیں صرف صبر، اتحاد اور یقین کی ضرورت تھی۔

View this post on Instagram

A post shared by Maya Ali (@official_mayaali)

اداکارہ نے کہا کہ ہم نے ایک جواہر، ایک سچے سیاستدان اور ایماندار وزیر اعظم کو کھو دیا ہے،میں عمران خان کو سلام پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے اپنی پوری کوشش کی اور آخری دم تک پاکستان کی خودمختاری کی جنگ لڑی۔

یوٹیوبر و کامیڈین زید علی نے  ہفتےکے دن کو پاکستان کا تاریک ترین دن قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم اپنا سب سے قیمتی اثاثہ کھو چکے ہیں، میں عمران خان کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں جہاں وہ آخری سانس تک لڑتے رہے۔وہ  سچے چیمپئن اور رہنما کی بہترین مثال ہیں، کپتان ! آپ نے شاندار کھیلا۔

اداکارہ حریم فاروق نے لکھا کہ  نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر   لاکھوں لوگ عمران خان  کی حمایت میں سامنے آئے لیکن اس تاریخی لمحے کو صرف چند چینلز کور کر رہے ہیں، میں سوچ رہی  ہوں کہ آج رات جمہوریت اور آزادی اظہار کا کیا ہوا پرانا پاکستان میں خوش آمدید؟

ایمن خان نے عمران خان کو ایک سچا رہنما قرار دیا۔

اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ عمران خان ہی ہمیشہ سے میرے لیڈر تھے اور رہیں گے۔

متعلقہ تحاریر