روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے بھاری رقم نکلوائی گئی؟ اسٹیٹ بینک نے تردید کردی

  175 ملکوں میں بسے پاکستانیوں نے 3 لاکھ 88 ہزار 494 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 3 ارب 92 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جمع کرائے

اسٹیٹ بینک نے سوشل میڈیا پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے رقوم نکلوائے جانے کی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آر ڈی اے کھاتوں سے غیرمعمولی رقوم نکلوانے کے شواہد نہیں ملے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے  بھاری رقوم نکوانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے رقوم نکلوانے کی افواہیں ہیں اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کے سی سی آئی کا گورنر اسٹیٹ بینک پر شرح سود میں اضافہ واپس لینے پر زور

اسٹیٹ بینک نے نئی مالیاتی پالیسی کا اعلان کردیا ، شرح سود میں 2.5 فیصد اضافہ

اسٹیٹ بینک  کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف اپریل میں پاکستان میں مزید 86 ملین ڈالرز کی ترسیلاتِ زر  جمع کرائی  گئیں جبکہ رواں مالی سال کے دوران کل ترسیلاتِ زر 4 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں، اکاؤنٹ سے کوئی غیر معمولی اخراج نہیں ہوا جبکہ اس کے ساتھ ہی اکاؤنٹ کے ڈپازٹ 4 بلین ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مارچ 2022 کے اعداد کے مطابق دنیا کے  175 ملکوں میں بسے پاکستانیوں نے 3 لاکھ 88 ہزار 494 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 3 ارب 92 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جمع کرائے تھے جب کہ  اپریل کے 8 کروڑ 60 لاکھ ڈالر شامل کرلینے کے بعد آر ڈی اے کھاتوں کا بیلنس 4 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے ستمبر 2020 میں دنیا بھر میں بسے ہم وطنوں کو پاکستان میں بینکاری خدمات فراہم کرنےکے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا اغاز کیا تھا جسے بیرون  ملک پاکستانیوں کی جانب سے پسند کیا گیا۔

متعلقہ تحاریر