لاہور:مقامی عدالت نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل کی درخواست ردکردی
واضح رہے کہ دعازہرا کے والدین نے عدالت میں بچی کے مبینہ اغوا کا کیس دائر کر رکھا ہے۔
لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت کا کہنا ہے درخواست میں مناسب جواز موجود نہیں تھا۔
لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے کراچی کے تفتیشی افسر نے درخواست دائر کی تھی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دعا زہرا کی مرضی کے بغیر میڈیکل کروانے کا حکم نہیں دیا جا سکتا اور کسی بھی لڑکی کے میڈیکل کا حکم اس کی اجازت بغیر نہیں دیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست کل سماعت کیلیے مقرر
پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ، متعدد اعلیٰ افسران تبدیل
عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ دعا زہرا کمرہ عدالت میں موجود نہیں ہے اور اس لئے تفتیشی افسر نے درخواست مناسب جواز کے بغیر دائر کی، اس لیے خارج کی جاتی ہے۔
ادھرسندھ ہائيکورٹ نے آئی جی سندھ کو دعا زہرا کو آئندہ سماعت پر پيش کرنے کاحکم دے ديا۔ عدالت نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ بچی ویڈیو بنا رہی ہے، پریس کانفرنس کررہی ہے تاہم پولیس کو نہیں مل رہی۔
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ کیا ریاست اتنی کمزور ہوگئی ہے۔ عدالت نے ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔
تفتیشی افسر سے یہ بھی استفسار کیا گیا کہ اگر بچی مطلوبہ پتہ پر نہیں مل رہی تو اس کا مطلب ہے کہ کچھ نہ کچھ تو گڑ بڑ ہے۔
واضح رہے کہ دعازہرا کے والدین نے عدالت میں بچی کے مبینہ اغوا کا کیس دائر کر رکھا ہے۔









