ایرانی فائر فائٹنگ طیارہ شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے میں مصروف
ایرانی فائر فائٹنگ ٹینکر طیارہ پی اے ایف بیس نور خان میں آمد کے بعد کوہ سلیمان پہاڑی سلسلے کے جنگل میں لگی آگ بجھانے کی کوششوں میں سرگرمِ عمل ہو گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایرانی آئی ایل۔76 طیارے جو دنیا کے سب سے بڑے فائر فائٹر طیاروں میں سے ایک ہے کی امدادی کارروائیوں میں شمولیت بلوچستان کے ضلع شیرانی میں آگ بجھانے کے آپریشن میں معاون ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ ہائی کورٹ کا 30 مئی تک دعا زہرا کو پیش کرنے کا حکم
لانگ مارچ: جڑواں شہروں میں مزید رینجرز تعینات کرنے کی منظوری
قدرتی آفات میں فرنٹ لائن ریسپانس دینے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاک فضائیہ ایرانی فائر فائٹنگ ٹینکر طیارے کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
پاکستان اور ایران کے مابین خوشگوار تعلقات استوار ہیں اور دونوں ممالک قدرتی آفات میں ایک دوسرے کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق شیرانی کے جنگلات میں آگ ایک ہفتہ قبل آسمانی بجلی گرنے کے بعد شروع ہوئی جس نے پہاڑی سلسلے میں موجود سینکڑوں درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
آگ سے متاثرہ علاقے میں دنیا کے سب سے بڑے چلغوزے کے جنگلات کا سلسلہ بھی شامل ہے جو بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبوں کوآپس میں ملاتا ہے۔