کوکنگ آئل کا ذخیرہ ” چیز “ میں آتشزدگی کی وجہ بنا؟

ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے مالکان نے قیمتوں میں اضافے کی پیشگی اطلاع ملنے پر عمارت کی بیسمنٹ میں کوکنگ آئل کا اسٹاک جمع کیا تھا، کوکنگ آئل ہی آگ کے پھیلاؤ کی وجہ بنا، سپر اسٹور کےمالکان کیخلاف مقدمہ درج، جعلسازی اور قتل بالسبب کی دفعات شامل

کراچی میں جیل روڈ پر واقع معروف ڈیپارٹمنٹل اسٹور چیز میں لگنے والی آگ  پر تیسرے روز قابو پالیا گیا ہے تاہم عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے،تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں منافع کیلیے جمع کیا گیا کوکنگ آئل کا ذخیرہ آتشزدگی کی وجہ بنا ۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی: چیز ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق

وزیراعلیٰ سندھ کے حلقے میں آتشزدگی، 3 بچے جاں بحق ، متعدد زخمی

ڈیپارٹمنل اسٹور میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش آج تیسرے روز بھی جاری ہیں۔ نیوز 360 ذرائع کے مطابق  ملک میں کوکنگ آئل کی قیمتوں میں جاری اضافے کے پیش نظر ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے مالکان نے کوکنگ آئل کا بڑا ذخیرہ عمارت کی بیسمنٹ میں جمع کررکھا تھا۔آگ لگنے کے باعث تیل کا اسٹاک بھی زد  میں آگیا ہے اور آگ کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے۔

دوسری جانب فیروز آباد تھانے میں آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیاگیا ہے جس میں  سپر اسٹورکے مالکان فراز،  عدیل اور  فہد کو ملزم نامزد کیا گیا ہیں، مقدمے میں جعل سازی اور قتل بالسبب کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

 مقدمےکے متن کے مطابق یکم جون کو صبح ساڑھے 11 بجے آگ لگی، واقعے میں ایک شخص دم گھٹنے سے جاں بحق اور3 افراد متاثر ہوئے، عمارت کی بیسمنٹ نقشےکے مطابق گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے بنائی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ کمشنر کراچی کی ہدایت پر درج کیا گیا ہے، مقدمے میں نامزد تینوں افراد آپس میں بھائی ہیں اورسپر اسٹور کے مالک ہیں، جاں بحق شخص کے اہل خانہ سے بھی قانونی کارروائی کے لیے رابطہ کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر