کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ ، شہریوں نے پہیہ جام کردیا

کے الیکٹرک کی جانب سے 15 ، 15 گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کے احتجاج کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں کی جانے والی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے ، ماڑی پور روڈ پر گزشتہ 18 گھنٹوں سے جاری احتجاج اور دھرنے کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی جس کی وجہ سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج 18 گھنٹے بعد بھی جاری۔

یہ بھی پڑھیے

گلوکار شہزاد رائے کراچی کی ناقابل رہائش شہروں میں شمولیت پر افسردہ

بلاول بھٹو نے کراچی میں پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کا افتتاح کردیا

احتجاج کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی، ماڑی پور سے بوٹ بیسن تک ہیوی ٹریفک کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

ادھر لیاری کے بھی مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔

مظاہرین کے مطابق کے الیکٹرک کو کئی شکایات کرنے کے باوجود ادارے کی ہٹ دھرمی جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے ان کے علاقوں میں بجلی بحال ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل ترین بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، بجلی کی بندش کا دورانیہ تقریباً 15 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

چلچلاتی دھوپ اور گرمی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شاہ فیصل کالونی، ملیر، لیاری، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ماڈل کالونی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن اور کلفٹن کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہے۔

بعض علاقوں میں کے الیکٹرک نے "بجلی بحالی” کے نام پر روزانہ 10 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ شروع کر دی ہے جبکہ مستثنیٰ علاقے بھی 8 گھنٹے کی کٹوتی کا سامنا کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاج کے باعث آئی سی آئی پل سے ماڑی پور روڈ تک ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے ۔ ٹریفک جام کے باعث ہیوی ٹریفک اور انٹر سٹی بسز کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ بوٹ بیسن سگنل سے آئی سی آئی پل تک ہیوی ٹریفک سڑکوں پر موجود ہے۔

متعلقہ تحاریر