شریف اور زرداری اپنی آدھی دولت ملک میں لے آئیں بحران ختم ہو جائےگا، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے سیاسی بحران کے بعد ملک بھر میں معاشی بحران آیا جو امپورٹڈ سے سنبھل نہیں رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے ہفتے کی شام ملک بھر کے شہر شہر میں پرامن احتجاج کریں گے ، زرداری اور نواز شریف خاندان اگر اپنی آدھی دولت ملک میں لے آئیں تو ملک بحران سے نکل جائے گا، لوگوں کو دبانے کے لیے سول سروس اور پولیس کا استعمال کیا جارہا ہے۔ پولیس اور بیوروکریسی سے کہتا ہوں کوئی غیرقانونی کام نہ کریں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ عوام ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیں ، صاف اور شفاف الیکشن کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا اپنی زندگی میں اتنا جانبدار الیکشن کمیشن کبھی نہیں دیکھا۔ دو ماہ سے پنجاب میں غیر آئینی حکومت بیٹھی ہوئی ہے، سیاستدانوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح خریدا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پی پی پی نے معاہدے پر عملدرآمد نہ کیا تو اپنے فیصلوں میں آزاد ہوں گے، وسیم اختر
چوہدری شجاعت حسین کے سگے بھائی چوہدری پرویز الہٰی کی حمایت میں سامنے آ گئے
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا اتنی محنت کرکے آپ نے سازش کی عوام کو کیا دیا؟ سیاسی بحران کے بعد ملک بھر میں معاشی بحران آیا جو ان سے سنبھل نہیں رہا ہے ، سازش کرکے پاکستان میں سیاسی بحران پیدا کیا گیا ، اگر میری حکومت کو ہٹایا تھا تو لوگوں کے حالات بہتر کرنے کے لیے کچھ کرتے یا مہنگائی کم کرتے ۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا چار بجلی گھروں سے بجلی نہیں بن رہی اور پیسے بھی دے رہے ہیں، جبکہ بجلی گھروں کےکنٹریکٹ بھی ن لیگ کی حکومت نے کیے تھے۔ کراچی میں جس گرمی میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے کیا آپ کی تیاری نہیں تھی؟ ساڑھے تین سالوں میں اتنی لوڈشیڈنگ کیوں نہیں تھی ، 30 سال سے کرپشن کرنے والوں کو ہمارے اوپر مسلط کردیا گیا ہے ، حکومت میں موجود 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا جس نے ساہیوال کا پلانٹ لگایا اسے جیل میں ڈالا جانا چاہیے، ساہیوال میں کراچی سے کوئلہ منتقل کیا جارہا ہے ، ساہیوال جیسی جگہ پر کوئلے سے چلنے والا پلانٹ لگایا گیا ہے، عوام احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل رہی ہےاور یہ لوگ ڈنڈوں کا استعمال کررہے ہیں، لوڈشیڈنگ کم کرنے کی بجائے لوگوں پر شیلنگ کرکے دہشت پھیلائی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کوئی مفت میں مدد نہیں کرتا ، اب یہ قومی سلامتی کو داؤ پر لگائیں گے ۔ یہ باہر جاکر ہاتھ پھیلا رہے ہیں کوئی فری میں لنچ نہیں دے گا ، ہم نے پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں نہیں بڑھنے دیں ہم پر بھی آئی ایم ایف کا دباؤ تھا ، ہم آئی ایم ایف کا دباؤ بھی برداشت کرتے تھے اور پروگرام بھی چل رہا تھا ، ہمارے دور میں کورونا نے تباہی مچائی ، عالمی سطح پر چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ، لیکن ہم نے عوام کو ریلیف دیا۔ آئی ایم ایف بھی کہہ رہا تھا کہ معیشت مستحکم ہورہی ہے ۔ ہمارے دور میں سروسز سیکٹر اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہورہا تھا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا ایسی کیا قیامت آگئی کہ دو ماہ میں سب کچھ آسمان پر چلا گیا ، ان لوگوں نے صرف ایک کام کیا ہے اور وہ یہ کہ اپنے 1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کرالیئے ہیں۔ ان کا صرف ایک ہی مقصد تھا کہ کسی طرح ان کو این آر او دےدیا جائے۔