عمر کے تعین کا معاملہ: دعا زہرہ کا شناختی کارڈ اور دیگر کاغذات عدالت میں جمع
میڈیکل بورڈ نے آئندہ اجلاس قبل دعازہرہ کو پیش کرنے کی ہدایت کردی
کراچی سے لاہور جاکر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر نے لڑکی کی عمر کے حوالے سے کاغذات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں جمع کروادیئے ہیں۔
دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دعا زہرہ کی عمر کے حوالے سے شناختی کارڈ سمیت دیگر کاغذات عدالت میں جمع کرادیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کی قوم سے دعاؤں کی اپیل
مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ دعا زہرہ کیس میں بلکل قیاس آرائیاں نہیں کررہا ہے حقائق سامنے آجائیں گے ۔ ہمیں بھروسہ ہے ایک سینئر بورڈ بیٹھا ہے امید ہے وہ اپنی ذمہ داری سمجھے گے ۔
دوسری جانب دعا زہرہ کی عمر کے تعین کے لیے عدالت کے حکم پر قائم میڈیکل بورڈ کااجلاس ختم ہوگیا۔ میڈیکل بورڈ نے آئندہ اجلاس قبل دعازہرہ کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سیکرٹری میڈیکل بورڈ ڈاکٹرآغا زبیر کا کہنا ہے کہ آج اجلاس میں تمام اراکین نے شرکت کی۔ میڈیکل بورڈ کا آئندہ اجلاس دعازہرہ کی پیشی سے مشروط کردیا ہے۔
ڈاکٹرآغا زبیر بتایا کہ پولیس کی جانب سے جیسے ہی دعازہرہ کو پیش کیا جائے گا اسی روز میڈیکل بورڈ کا اجلاس طلب کرلیں گے۔
دعا زہرہ کے مبینہ اغوا کیس کے تفتیشی افسر شوکت شہانی نے کہا کہ ہم نے میڈیکل بورڈ سے دعا زہرہ کو پیش کرنے کی مہلت مانگی ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کو درخواست دی ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب سے رابطہ کریں۔جیسے ہی احکامات موصول ہونگےہم دعا زہرہ کو لینے کے لئے چلے جائیں گے۔
شوکت شہانی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد عدالتی احکامات پر عمل کیا جائے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ لڑکی نے اپنے بیان نے نہ رکشہ والے کا ذکر کیا ہے نہ ٹیکسی کا ۔ کیس سندھ کا بنتا ہی نہیں تو ہم کیا تفتیش کریں۔
اس سے قبل لڑکی دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کی کیس کے تفتیشی افسر کی تبدیلی کی درخواست پر عدالت نے ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ اور کیس کے تفتیشی افسر سے جواب طلب کرلیا ہے ۔
دعا زہرہ کے مبینہ اغوا کیس میں لڑکی کے والد مہدی کاظمی نے کے وکیل جبران ناصر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں تفتیشی افسر کی تبدیلی کی درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ مدعی مہدی کاظمی نے 17 جون کو آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کو درخواست دی تھی مگر تاحال پولیس حکام نے تفتیشی افسر کو تبدیل نہیں کیا ہے۔
مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں تفتیشی افسر کی تبدیلی کیلئے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مدعی مقدمہ مہدی کاظمی اور اہلخانہ کو موجودہ تفتیشی افسر پراعتماد نہیں ہے ۔عدالت تفتیشی افسر کو تبدیل کرکے کسی قابل افسر کو مقرر کرنے کے احکامات جاری کرے۔
عدالت نے درخواست پر ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ اور کیس کے تفتیشی افسر سے جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک فریقین کو جواب داخل کرنے کا حکم دیا ۔









