بارش سے لطف اندوز ہوتے کرکٹر فخر زمان عوامی تنقید کا نشانہ بن گئے

صارفین نے کہا کہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب بارشوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوچکا ہے اور فخر زمان امداد ی کاموں کے بجائے فوٹو سیشن میں مصروف ہیں

پاکستانی کرکٹ اسٹار فخرزمان نے دوستوں کے ہمراہ لاہور میں بارش کے لطف و مزے لیتے ہوئے اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تو سوشل میڈیا صارفین نے جہاں ان کی تعریف کی تو کچھ لوگوں نے انہیں آڑے  ہاتھوں بھی لے لیا ۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر قومی بلے باز فخر زمان نے لاہور میں دوستوں کے ہمراہ بارش میں نہاتے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی تو ان کے چاہنے والوں نے تعریفوں کے پل باندھ دیئے تاہم کچھ حساس دل رکھنے والے صارفین نے ان پر طنز بھی کیا ۔

یہ بھی پڑھیے

شاہد آفریدی اور محمد عامر کا بلوچستان میں بارشوں سے تباہ کاریوں پر اظہار افسوس

ایک صارف نے لکھا کہ لازمی تو نہیں بارشیں سب کے لیے لطف اندوز ہونے کا سبب نہیں ہوتی بلکہ کچھ مکانات پر بارشوں سے زیادہ  آنسو برستے ہیں۔ اس وقت بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں  بارشوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوچکا ہے ۔

ایک ٹوئٹرصارف نے فخرزمان کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے عوام کو جانی اورمالی نقصان ہورہا ہے۔ آپ پر طنز نہیں کررہا ہوں بلکہ  بس صرف بتارہا ہوں بارش متاثرین کے لیے بھی آواز اٹھالیں۔

سجاد اعوان نامی صارف نے لکھا  کہ تصویر تو اچھی آئی ہے مگرآپ لوگ متاثرین بارش اور سیلاب کے لیے فنڈ ریزنگ  کررہے ہوتے تو وہ زیادہ پرکشش نظر آتا ۔

جانی زین نامی ٹوئٹر ہینڈل سے فخر زمان پر تنقید کرتے  ہوئے صارف نے لکھا کہ  ایسا نہ کرو یار۔ یہی پانی بلوچستان میں تباہی مچارہا ہے۔ آپ تصویریں کچھ دن بعد بھی لے سکتے ہیں۔ انہوں نے سب کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی ۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل شاہد آفریدی اور محمد عامر نے  بلوچستا ن سمیت ملک  بھر میں بارشوں سے ہونے والی تباہی کا افسوس کا اظہار کیا تھا ۔شاہد آفریدی نے فوری طور پر بلوچستان جانے کا بھی اعلان کیا تھا ۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پربلوچستان میں بارشوں سے تباہی پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ  بلوچستان میں آفت کا وقت ہے، یہ قوم کی آزمائش کا وقت ہے،  میں اپنے بچوں کا دکھ بانٹنے خود بلوچستان جارہا ہوں۔

متعلقہ تحاریر