تاحیات نااہلی کے خاتمے کے لیے قانون لا رہے ہیں، اسحاق ڈار
سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے توشہ خانہ کیس میں عمران خان نااہل ہونے جارہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ ہم پارلیمنٹ میں نیا قانون لارہے ہیں جس کے تحت تاحیات نااہلی کا قانون ختم کردیا جائے گا، ان کا کہنا ہے توشہ خانہ کیس میں عمران خان نااہل ہونے جارہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا پارلیمنٹ میں نئی قانون سازی کرکے تاحیات نااہلی کا قانون ختم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا آرٹیکل 62 ایف پر آئین بالکل خاموش ہے جس کے لیے پارلیمنٹ میں قانون سازی کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کا کریز سے باہر آکر کھیلنے کا فیصلہ، ضمنی الیکشن میں 9 حلقوں سے کھڑے ہونے کا اعلان
پاکستان کی پہلی دستور ساز کے 75سال مکمل،ڈائمنڈ جوبلی پر خصوصی تقریبات
نواز شریف دور حکومت کے وزیر خزانہ کا کہنا تھا سابق وزیراعظم نواز شریف کو غلط طور پر نااہل قرار دیا گیا تھا، اس قانون کو بدلنے کی ضرورت ہے اس حوالے سے قانون سازی پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس پر تبصرہ کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا کیس ثابت ہوچکا ہے ، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ پارٹی پر پابندی لگنی چاہیے۔
چیئرمی تحریک انصاف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا عمران خان پر پابندی لگنے جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کی تلوار لٹ رہی ہے اور یہ پابندی کسی بھی وقت لگ سکتی ہے۔
تاحیات نااہلی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا تین افراد پہلے ہی تاحیات نااہلی کا شکار ہوچکے ہیں چوتھے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ہوسکتے ہیں۔ عمران خان کا غلط بیان حلفی انہیں نااہل قرار دلواسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا موجودہ حالات میں جو لوگ پی ٹی آئی کو چھوڑ رہے ہیں میں سمجھتا ہوں یہ ان کے لیے مستقبل میں مناسب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قانون کے مطابق آپ یا آپ کی پارٹی غیر ملکی کمپنی اور شخص سے پیسے نہیں لے سکتی ، تاہم پی ٹی آئی نے جو فنڈنگ حاصل کی اس میں ایک بڑی رقم ممنوعہ فنڈنگ کے قانون کے دائرے میں آتی ہے۔ای سی پی کے فیصلے کی بنیاد پر حکومت جائزہ لے گی کہ پارٹی پر پابندی ہونا چاہیے یا نہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چیریٹی کے نام پر پیسے لیے اور اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ پی ٹی آئی پر پابندی کی تلوار لٹکنا شروع ہو گئی ہے۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا اگر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی پارٹی رکنیت سے مستعفی ہو جائیں گے تو ان پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ کیونکہ پابندی تحریک انصاف پر لگے گی اور عمران خان پر نااہلی کا کیس چلے گا۔ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کا ریفرنس بھی پی ڈی ایم نے جمع کرایا ہے، تاحیات نااہلی آئین میں نہیں ہے، اس پر ہماری جماعتیں غور کر رہی ہیں۔