بجلی کے بلوں نے عوام پر بجلی گرادی، فیصل آباد میں خواتین سڑکوں پر آگئیں

بیوہ ہوں بل نہیں دے سکتی، بزرگ خاتون بل تھامے روتی رہی، کراچی کے صحافی نعمت خان کو 112 یونٹ بجلی استعمال کرنے پر 9945 روپے کا بل موصول، ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے کے الیکٹرک کو لعنت قرار دیدیا،صارفین نے شکایات کے انبار لگادیے

جولائی کے بلوں میں مہنگی بجلی اور  ٹیکسز کی بھرمار  نے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا۔ فیصل آباد میں خواتین کی بڑی تعدا دبجلی کے بل ہاتھ میں لیکر سڑکوں پر نکل آئی۔

عرب نیوز سے وابستہ کراچی کے  سینئر صحافی نعمت خان نے بھی  بجلی کے بل میں ٹیکسز کی بھرمار پر شدید احتجاج کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز شریف حکومت میں مہنگائی کے نئے ریکارڈ ، افراط زر 43.31 فیصد ہوگیا

گزشتہ مالی سال  5259 ارب روپے کا تاریخی بجٹ خسارہ ہوا، رپورٹ

محمد اکرم راعی نامی صارف نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پرفیصل آباد کی ایک وڈیو شیئرکی ہے جس میں ایک ٹی وی رپورٹرہاتھوں میں بجلی کے بل اٹھاکر احتجاج کرنے والی خواتین سے گفتگو کررہی ہے۔

وڈیو میں  ہاتھوں میں بل اٹھائے ایک بزرگ  خاتون روتے ہوئے رپورٹرکو بتارہی ہیں کہ  وہ بیوہ ہیں اور  بل نہیں دے سکتیں۔محمد اکرم راعی نے وڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ جب ہاتھ میں بجلی کا بل تھامے ایک بوڑهی عورت رو پڑتی ہے اور کہتی ہے کہ” بیوہ ہوں، بل نہیں دے سکتی“تو حاکمِ وقت احکم الحاکمین کی عدالت میں ان آنسوؤں کی جوابدہی سے کیسے بچ پائے گا؟

دوسری جانب عرب نیوز  سے وابستہ کراچی کے سینئر صحافی نعمت خان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر جولائی کا بجلی کا بل شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آدھی رات کو لوڈشیڈنگ کرنے والی کے الیکٹرک نے فیول ایڈجسمنٹ، گورنمنٹ ٹیکس ،یہ ٹیکس اور وہ ٹیکس کے نام پر112 یونٹ بجلی استعمال کرنے پر 9ہزار445روپے کابل بھیج دیا ہے۔

انہوں نے مزیدلکھا کہ ایک طرف یہ لوٹ مار جاری ہے دوسری طرف رات کو بجلی منقطع کی جاتی ہے کہ سستی گیس اور نیشنل گریڈ سے سستی بجلی نہیں مل رہی۔

انہوں نے مزیدلکھاکہ صارفین کے لیے پیغام ہوتا تھا  ”بجلی بچائیں، اپنے لیے قوم کے لیے“، اب آپ جتنی بھی بچت کرلیں  کےالیکٹرک نے یہ طے کیا ہے کہ یہ بھلے بجلی نہ دے، آدھی رات کو جگائے رکھے لیکن اس نے کسی نہ کسی بہانے سے لوٹ مار جاری رکھنی ہے۔

نعمت خان کی جانب سے استعمال کی گئی بجلی کی قیمت 13 روپے 43 پیسے فی یونٹ کے حساب سے 1504 روپے  بنتی تھی تاہم بل میں 6235 روپے کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز اور 1521 روپے کے حکومتی ٹیکسز   کی شمولیت کے بعد یہ بل9445 روپے تک جاپہنچا۔

نعمت خان کے ٹوئٹ پر متعدد صارفین نے بجلی کے معمولی استعمال کے باوجود اضافی بلوں کا شکوہ کیا۔ایم کیوایم کے رہنما واسع جلیل نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ کراچی میں ہر کوئی غلط بل بھررہا ہے، کےالیکٹرک اب لعنت بن چکی ہے۔

متعلقہ تحاریر