8ستمبر 2022 یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ کا پیغام

پاکستان نیوی کی آبدوز غازی نے جنگ کے دوران بحر ہند میں اپنا راج قائم رکھا اور اپنی ناقابل تسخیر اور ہیبت ناک موجودگی سے بھارتی بحریہ کو مفلوج کر دیا۔

8 ستمبر کا دن پاکستان نیوی کی تاریخ میں سنہرے باب کے طور پر رقم ہے۔ اس دن پاکستان نیوی کے افسروں و جوانوں نے لازوال حوصلے اور بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر کامیاب ضرب کاری لگائی۔

یہ دن شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے 1965 کی جنگ کے دوران ثابت قدمی اور بے باک جذبے کا مظاہرہ کیا اور مکار دشمن کے مقابلے میں ناقابلِ تسخیر رہے۔

یہ بھی پڑھیے

تحائف کے بدلے 3 کروڑ ادا کیے، توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کا جواب

احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا

مقصد پر مکمل یقین اور بے مثال شجاعت نے دشمن کو پوری جنگ کے دوران پریشان کیے رکھا اور اس کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔

آپریشن دوارکا جس کا کوڈ نام ” آپریشن سومنات” تھا کے دوران پاکستان نیوی کے سات جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑے نے بھارتی ساحلی علاقے دوارکا پر شدید بمباری کر کے ساحلی تنصیبات بشمول بھارتی ریڈار اسٹیشن اور ریڈیو بیکن کو تباہ کیا۔

پاکستان نیوی کے بحری جنگی جہازوں کے اس حملے نے بھارتی بحریہ کو شکست سے دوچار کیا اور ان کے غرور کو خاک میں ملادیا۔

پاکستان نیوی کی آبدوز غازی نے جنگ کے دوران بحر ہند میں اپنا راج قائم رکھا اور اپنی ناقابل تسخیر اور ہیبت ناک موجودگی سے بھارتی بحریہ کو مفلوج کر دیا۔

پاکستان نیوی خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال سے بخوبی آگاہ ہے اور کسی بھی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لئے رات دن جنگی تیاریوں میں مصروف عمل رہتی ہے۔

پاکستان نیوی عالمی سمندروں میں اپنی مسلسل موجودگی سے علاقائی سطح پر اپنے تشخص میں اضافہ کر رہی ہے اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور باہمی تعاون کے لئے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ اہم سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ اس کے علاوہ مستقبل کی مستعد، مؤثر اور مضبوط بحری قوت بننے کے لیے پاکستان نیوی جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں بھی کوشاں ہے۔ ؎

پاکستان نیوی سی پیک کی حفاظت اور اضافی ذمہ داریوں سے مکمل آگاہ ہے جن سے عہدہ برآ ہونے کے لئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور مزید سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ قومی سالمیت کے حامل اثاثہ جات کی حفاظت ممکن ہو۔ پاکستان کی بحری اقتصادیات سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کے لئے پاکستان نیوی میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کے لئے پر عزم ہے۔

آج کے دن یوم بحریہ کے موقع پر ہم اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں اور جذبوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو انہوں نے اپنی قوم کی خاطر دیں۔ پاکستان نیوی کے آفیسرز، سی پی اوز/ سیلرز اور سویلینز کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں ثابت قدم رہنے اور ہر قیمت پر مادروطن کے دفاع کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔

اللہ سبحانہُ تعالیٰ ہمارا راہنما اور محافظ ہو (آمین)

پاکستان نیوی زندہ باد۔    پاکستان پائندہ باد

متعلقہ تحاریر