عالمی بینک نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا
کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کا کہنا ہے سیلاب متاثرین کےلیے 2 ارب ڈالر مختص کیے گئے جبکہ اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر رواں سال جاری کیے جائیں گے۔
عالمی بینک نے پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لئے جاری ہنگامی منصوبوں کے حوالے سے دو ارب ڈالر دینے کا اعلان کردیا ، اس کے علاوہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے رواں برس مزید ڈیڑھ ارب ڈالر جاری کئے جائیں گے۔
اس بات کا اعلان عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نیجی بینہیسن نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کیا۔
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے اسحٰق ڈار کو وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور پاکستان میں عالمی بینک کے جاری پروگرامز اور مستقبل میں تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستانیوں کی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں عدم دلچسپی، ستمبر میں محض17 کروڑ ڈالر آئے
سیلاب سے متاثرہ 90 لاکھ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے ، عالمی بینک
انہوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ ورلڈ بینک پاکستان کو تعاون فراہم کرنے کے لیے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ورلڈ بینک کے تحت جاری منصوبوں کے ہنگامی اقدامات سے 2 ارب ڈالر فنڈز مختص کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے رواں برس مزید ڈیڑھ ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے۔
وزیر خزانہ نے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد میں معاونت فراہم کرنے پر عالمی بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملک میں ادارہ جاتی اصلاحات اور اقتصادی ترقی کے لیے عالمی بینک کی مالی اور تیکنیکی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
عالمی بینک اس سے قبل 22 ستمبر کو پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے کسانوں کی بحالی کے لیے 2 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی مالی مدد فراہم کرنے کا اعلان بھی کرچکا ہے۔
جس کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسان برادری اور فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے امداد اور بحالی کی کوششوں پر بات کرتے ہوئے ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر برائے پائیدار ترقی نے کہا تھا کہ عالمی بینک ٹڈی دل پروگرام کی ایمرجنسی اور فوڈ سیکورٹی کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں کسانوں کی بحالی کے لیے معاونت فراہم کرے گا۔









