سینٹورس مال میں لگی آگ پر قابو پالیاگیا، تحقیقات تک پلازہ سیل
پولیس ترجمان کے مطابق سینٹورس مال کو سیل کردیا گیا ہے اورتحقیقات مکمل ہونے تک بند رہے گا۔
اسلام آباد کے پوش علاقے میں قائم سینٹورس مال میں آج اچانک بھڑکنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے ، ریسکیو ٹیموں اور نیوی کے فائر ٹینڈرز نے بروقت کوششوں سے آگ پر قابو پالیا ، تاہم مال میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع سینٹورس مال میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی ، سرکاری ذرائع کے مطابق آگ کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی کا ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکنے سے ہائی کورٹ سے رجوع
ابتدائی طور پر آگ سینٹورس مال کی تیسری منزل پر لگی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔
سینٹورس شاپنگ مال میں آگ لگنے کے فوری بعد موجود تمام افراد کا بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور آگ پر قابو پانے کے لیے راولپنڈی سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوالی گئیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ سینٹورس مال کی تیسری منزل پر واقع ریسٹورنٹ میں لگی ہے تاہم اب تک آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاسکا۔
وزیراعظم میاں شہبازشریف نے بھی سینٹورس مال میں لگنے والی آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور حکام کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق سینٹورس مال کو سیل کردیا گیا ہے اورتحقیقات مکمل ہونے تک بند رہے گا۔
سینٹورس مال شہر کا معروف شاپنگ مال ہے جس کی بالائی منازل پر رہائشی فلیٹس جب کہ تین فلور پر دکانیں ہیں جہاں لوگوں کی بڑی تعداد خریداری کے لیے موجود ہوتی ہے۔









