نوری آباد میں مسافر بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی،18افراد جاں بحق

بس کے ایئرکنڈٰشنڈ میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو لپیٹ میں لے لیا۔ جاں بحق افراد میں 8بچے اور 9خواتین شامل، بس کراچی سے خیرپور ناتھن شاہ جارہی تھی، سیلاب متاثرین سوار تھے، لاشیں کراچی منتقل، قابل شناخت نہیں رہیں، ورثا کا ڈی این اے کرانے سے انکار

نوری آباد میں ایم نائن موٹروے پر مسافر بس میں آگ لگ گئی جس کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 18 مسافر جاں بحق ہوگئے۔

موٹروے پولیس کے مطابق مسافر بس کراچی سے خیرپور ناتھن شاہ جا رہی تھی کہ نوری آباد کے قریب مسافربس کے ائیرکنڈیشنڈ یونٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے آناً فاناً پوری بس کو لپیٹ میں لے لیا،افسوسناک واقعے میں 18 مسافر جل کر جاں بحق ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں ایک ہفتے میں آتشزدگی کا چوتھا بڑا واقعہ، 100 خاندان بے گھر

وزیراعلیٰ سندھ کے حلقے میں آتشزدگی، 3 بچے جاں بحق ، متعدد زخمی

ڈپٹی کمشنرجامشورو کا کہناہے کہ جاں بحق افرادمیں 8 بچے اور 9 خواتین بھی  شامل ہیں ہے۔جاں بحق افراد کا تعلق خیرپورناتھن شاہ سے تھا۔ڈی ایچ او جامشورو کا کہنا ہے کہ لاشیں شناخت کے قابل نہیں، ورثا ڈی این اے کروا نہیں رہے ۔

سیکٹر کمانڈر موٹر وے پولیس فرحان کے مطابق موٹر وے پولیس کی نگرانی میں لاشوں کو سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا،  لاشیں آبائی علاقے پہنچنے تک موٹر وے پولیس نگرانی کریگی۔

انہوں نے بتایا کہ بس میں 55 مسافر سوار تھے،  حادثے میں 18 افراد جاں بحق ہوئے ،زخمیوں کو حیدرآباد کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔موٹروے حکام کے مطابق  حادثے کا شکار بس میں ہنگامی اخراج کا دروازہ صحیح کام کررہا تھا،  ممکنہ طور پر ائیرکنڈیشنڈیونٹ میں آگ شارٹ سرکٹ کےباعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور بس مکمل طور پر جل گئی۔

ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ بس میں مغیری برادری  کے سیلاب متاثرین سوار تھے ،جن میں سے بیشتر مسافر بس سے اترنے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔

متعلقہ تحاریر