فلمساز عروہ حسین کی پہلی فلم ہی تنازع کا شکار، ہیروئن نے نوٹس بھیج دیا

اداکارہ سونیا حسین نے عروہ حسین پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے ہرجانے کا نوٹس ارسال کردیا، سونیا حسین فلم کی تشہیری مہم سے بھی غائب، فلم 11 نومبر کو ریلیز ہوگی۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ عروہ حسین کی بطور فلم ساز پہلی فلم ٹچ بٹن ہی تنازع کا شکارہوگئی۔

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ سونیا حسین نے عروہ حسین پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے ہرجانے کا نوٹس ارسال کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

عروہ اور فرحان فلم ٹچ بٹن کے ٹریلر لانچ پر بھی کھنچے کھنچے نظر آئے

عروہ حسین نے عتیقہ اوڈھو کو فرشتہ  کیوں قرار دیدیا؟

عروہ حسین نے اپنے شوہر فرحان سعید کے ساتھ 2019 میں فلمسازی کے میدان میں قدم رکھا تھا اور ٹچ بٹن بطور فلمساز ان کی پہلی فلم ہے۔

قاسم علی مرید کی ہدایت کاری میں بننے والی اس رومانوی کامیڈی فلم میں ایمان علی، فرحان سعید، سونیا حسین اور فیروز خان مرکزی کردار ادا کررہےہیں۔ اداکار عروہ حسین نے فلم میں اداکاری کے جوہر نہیں دکھائے تاہم ان کا ایک آئٹم سونگ فلم میں شامل ہے۔

فلم ٹچ بٹن کی شوٹنگ کا آغاز 2019 کی ابتدا میں ہوا تھا اور اس فلم کو فروری 2020 میں ریلیز ہونا تھا تاہم کرونا وبا کے باعث فلم کی ریلیز کھٹائی میں پڑگئی تھی۔ بعدازاں عروہ حسین اور فرحان سعید میں علیحدگی کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد فلم ریلیز نہیں ہوسکی تھی ۔

  گزشتہ ہفتے فلم  کے ٹریلر کی تقریب رونمائی میں  عروہ حسین اور فرحان سعید طویل عرصے بعد ایک ساتھ نظر آئے تھے تاہم دونوں کھنچے کھنچے دکھائی دیے تھے البتہ فلم  میں مرکزی کردار اداکرنے والی سونیا حسین فلم کی تشہیری مہم سے غائب ہیں اور ان کے غائب ہونے کی وجہ اب  سامنے آئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق سونیا حسین کو معاہدے کے مطابق فلم کا معاوضہ تاحال ادا نہیں کیاگیا ہے۔ایک سوشل میڈیا پیج کے مطابق سونیا حسین نے  معاوضے کے معاہدے کی خلاف ورزی پر فلم پروڈیوسر عروہ حسین کو 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

سونیا حسین کے مطابق عروہ حسین اور ان کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ شوٹنگ ختم ہوتے ہی معاوضہ ادا کردیا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔شوٹنگ کو ختم ہوئے دو سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن تاحال فلم کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔

سونیا حسین نے عدالتی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ’معاوضے کے لیے عروہ کو کئی مرتبہ یاد دہانی کروائی گئی لیکن انہوں نے کوئی مناسب جواب تک نہیں دیا بلکہ رواں برس صرف 5 لاکھ کا چیک بھجوایا جو میں نے انہیں‌ واپس کر دیا۔ لہذا اب میں ‌قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں ۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عروہ حسین کے اس غیر مناسب  رویے کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا وہ جذباتی طور پر کمزور پڑ گئیں اور اپنے ہی پیسے مانگنے کے لیے شرمندہ کا سامنا کرنا پڑا، اس لیے اب پروڈیوسر انہیں ہرجانے کے لیے 50 لاکھ روپے ادا کریں۔

علاوہ ازیں نوٹس میں کہا گیا ہے کہ  عروہ حسین آئندہ 14 روز میں سونیا حسین کے قانونی نوٹس کا جواب دیں، دوسری صورت میں ان کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ فلم ٹچ بٹن آئندہ ماہ  11 نومبر کو پاکستان کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی تاہم فلم ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے جس سے اس کے بزنس کو بھی نقصان کا خدشہ ہے۔

متعلقہ تحاریر