سکھر یونین آف جرنلسٹس کا شہید رپورٹر صدف نعیم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین
سکھر یونین آف جرنلسٹس نے اپنے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت اور تحریک انصاف کی قیادت مرحومہ کی فیملی کے لیے مالی امداد کا اعلان کرے۔
سکھر: سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلیم سہتو ، جنرل سیکرٹری جاوید جتوئی و مجلس عاملہ کے تمام اراکین نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران چیئرمین عمران خان کے کنٹینر سے گر کر جاں بحق ہونے والی چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم کی شہادت پر افسوس اور غم کا اظہار کیا ہے۔
سکھر یونین آف جرنلسٹس کیجانب سے تعزیتی بیان میں شہید صدف نعیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ایک نڈر اور بہادر رپورٹر تھیں ، انہوں نے ہمیشہ پیشہ وارانہ امور کو احسن طریقے سے نبھایا ، ان کی شعبہ صحافت میں بطور خاتون رپورٹر خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔
سکھر یونین آف جرنلسٹس صدر اور جنرل سیکریٹری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں فرائض کی سرانجام دہی کے دوران چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم کا کنٹینر کے نیچے کچلے جانے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں قرآن نذر آتش کرنے والی لڑکی گرفتار، توہین مذہب کا مقدمہ درج
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت فوری طور پر حادثہ کی شفاف تحقیقات کیلئے ایک تحقیقاتی کمیشن بنائے تاکہ پتا چل سکے کہ یہ واقعہ کیسے ہوا اور اس کے ذمہ داران کون ہیں۔؟ تا کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں سکیں۔
انہوں نے مذید کہا کہ شہید صدف نعیم شعبہ صحافت میں خواتین صحافیوں کیلئے ایک مثال بن گئیں ہیں ، جس نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنے پیشہ وارانہ امور نبھائے۔
جاری کردہ اعلامیہ میں پنجاب حکومت اور تحریک انصاف کی قیادت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فوری طور پر متوفیہ کے خاندان کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا جائے اور ان کے بچوں کی تعلیم حکومت اپنے ذمہ لے جبکہ چینل فائی کی انتظامیہ بھی فوری طور پر شہید رپورٹر صدف نعیم کے خاندان کیلئے مالی امداد کا اعلان کرے ، بصورت دیگر اس بارے میں الگ سے لائحہ عمل اختیار کیا جائےگا۔
بیان میں صحافی صدف نعیم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی گئی ہے اللہ پاک شہید صدف نعیم کے درجات کو بلند کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ دکھ کی اس گھڑی میں پوری صحافی برادری متاثرہ خاندان کے ساتھ غم میں برابر کی شریک ہے۔









