ڈالر اور سونا مہنگا، اسٹاک مارکیٹ میں 135 پوائنٹس کا اضافہ
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 78 پیسے مزید مہنگا ہو گیا جبکہ فی تولہ سونا 450 روپے مزید مہنگا ہوگیا۔

کاروبارہ ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 78 پیسے مہنگا ہو گیا جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 135 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، دوسری جانب سونے کی فی تولہ قیمت میں 450 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام مثبت انداز میں ہوا ، اور 100 انڈیکس میں 135 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
گیس غائب ، ایل پی جی مہنگی ، حکومت بتائے سردیوں میں چولہا کیسے جلے گا؟
حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے آگے ڈھیر، عوام کو ریلیف دینے سے انکار
مارکیٹ کے جاری اعدادوشمار کے مطابق 100 انڈیکس 0.33 فیصد اضافے سے 41944 کی سطح پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس کی بلند سطح 42004 اور کم سطح 41727 رہی ۔ تیسرے دن مارکیٹ میں 6.24 ارب روپے مالیت کے 23 کروڑ شئیرز کے سودے ہوئے۔
دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر نے ایک مرتبہ پھر طاقت پکڑتے ہوئے روپے کو چت کردیا۔ انٹربینک میں ڈالر 78 پیسے مہنگا ہوکر 221 روپے 43 پیسے پر بند ہوا ، جبکہ اوپن میں ڈالر 50 پیسے اضافے سے 227 روپے پر بند ہوا۔
اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں دیگر کرنسیز کے ریٹ یہ رہے
1: اوپن مارکیٹ میں یورو 2 روپے مہنگا ہوکر 234 روپے کا ہوگیا۔
2: اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ 1.50 روپے مہنگا ہوکر 271 روپے کا ہوگیا۔
3: امارتی درہم 30 پیسے کمی سے 65.20 روپے کا ہوگیا۔
4: سعودی ریال 20 پیسے اضافے سے 63 روپے پر پہنچ گیا۔
ادھر سونا 450 روپے فی تولہ مہنگا ہوکر 1 لاکھ 51 ہزار 550 روپے پر پہنچ گیا۔
10 گرام سونا 386 روپے اضافے سے 1 لاکھ 29 ہزار 930 روپے کا ہوگیا جبکہ ایک تولہ چاندی کی قیمت 1590 روپے پر برقرار رہی۔
عالمی مارکیٹ میں سونا 2 ڈالر اضافے سے 1655 ڈالر فی اونس ہوگیا۔









