توشہ خانہ کی گھڑیوں کا معاملہ: حکومت، جیو نیوز، عمر فاروق بمقابلہ پی ٹی آئی

جیو نیوز کے دیئے گئے عمر فاروق ظہور کے انٹرویو کو پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے قطعی طور پر جھوٹ پر مبنی انٹرویو قرار دیا ہے اور اسے امپورٹڈ حکومت کا زرخرید بندہ قرار دیا ہے۔

پاکستانی نژاد دبئی میں مقیم معروف بزنس مین عمر فاروق ظہور نے سابقہ فرسٹ لیڈی کی دوست فرح گوگی سے توشہ خانہ میں ملنے والی قیمتی گھڑیاں خریدنے کے اعلان کے بعد نیا پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا حکومت جیو نیوز، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور دیگر میڈیا رپورٹس کے دعوؤں اور جوابی دعوؤں کی تحقیقات کرائے گی۔

گزشتہ رات جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ’ میں گفتگو کرتے عمر فاروق ظہور نے یہ کلیم کیا ہے کہ انہوں نے سعودیہ سے توشہ خانہ میں ملنے والی قیمتی گھڑیاں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کی دوست فرح گوگی سے 2 ملین ڈالر میں خریدی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

چوروں نے 7 ماہ کے اندر ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا، عمران خان

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید کمی

بزنس مین عمر فاروق ظہور کا کہنا تھا کہ فرح گوگی نے 5 ملین ڈالر کی ڈیمانڈ کی تھی، تاہم سودا 2 ملین ڈالر میں طے پایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پے منٹ کیش کی صورت میں تھی۔

بزنس مین عمر فاروق ظہور سے متعلق مرحوم صحافی ارشد شریف نے اپنے قتل سے کچھ روز قبل ایک ٹوئٹ میں انکشاف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ "عمر فاروق ظہور جنہوں نے ایف آئی اے کے متعدد افسران کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں ایف آئی آر کٹوائی، ان کے حوالے سے عالمی تحقیقاتی رپورٹ-"

مقتول صحافی ارشد شریف نے مزید لکھا تھا کہ "سوال تو بنتا ہے کہ ایف آئی اے کے متعدد افسران کیا اس لئے زیر عتاب ہیں کہ انھوں نے #ڈگی_والی_سرکار اور جہانگیر ترین کی تحقیقات کیں؟’

جیو نیوز عمر فاروق ظہور کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے ایک طویل پیغام شیئر کیا ہےکہ ” جب عمران خان ہر کوئی کیس نہیں ملا تو کیس یہ بنایا گیا کہ سعودی عرب کے بادشاہ نے عمران خان کو مہنگی گھڑی تحفے میں ی وہ گھڑی توشہ خانہ سے خرید کر مہنگے دانوں مارکیٹ میں فروخت کر دی گئیں، سب سے پہلے تو یہ کہ پانچ ملین ڈالر کی گھڑی کبھی کسی بھی وزیر اعظم کو تحفہ نہیں دی گئیں، جب بیرون ملک دورے میں ایک تحفہ ملتا ہے تو وہ وزارت خارجہ کا پروٹوکول آفیسر وصول کرتا ہے اور وہ وطن واپسی پر توشہ خانہ میں جمع کرا کر اس کی رسید متعلقہ ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرواتا ہے۔”

فواد چوہدری مزید لکھتے ہیں کہ "توشہ خانہ کیبینٹ ڈویژن کے ماتحت ہے، یہاں ایک Independent committee رولز کے مطابق اس تحفے کی قیمت طے کرتی ہے، جو مارکیٹ کی قیمت طے ہوتی ہے اس سے متعلقہ وزیر یا آل وزیر اعظم کو آگاہ کیا جاتا ہے ، عمران خان حکومت سے پہلے رولز کے مطابق اس قیمت کا 25% ادا کر کے وہ تحفہ ذاتی ملکیت میں لیا جا سکتا تھا تحریک انصاف نے اس شرح کو پچاس فیصد تک بڑھا دیا، یعنی قانون کے مطابق جس شخص کو تحفہ ملا ہے وہ اس تحفے کی قیمت کا پچاس فیصد ادا کرکے تحفہ ذاتی ملکیت میں لے سکتا ہے۔”

رہنما تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ "عمران خان نے توشہ خانہ سے اس قانون کے مطابق گھڑی خریدی اور یہ گھڑی ان کی ٹیکس ریٹرن اور الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں Declared ہے، جنگ/جیو گروپ نے جس شخص کو خریدار بنا کر پیش کیا نہ تو اسے کبھی گھڑی فروخت کی گئیں،  نہ ہی اس شخص کا عمران خان سے بالواسطہ یا بلاواسطہ کوئی تعلق ہے، عمران خان کی حکومت جانے کے بعد عمر فاروق ظہور کا نام ایف آئی اے کی وانٹڈ لسٹ نکالا گیا تھا۔”

میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف اداکارہ صوفیہ مرزا ، عمر فاروق ظہور کی سابقہ اہلیہ تھیں ۔ ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اپنی بٹیوں کو خود ہی اغواء کروایا تھا اور دبئی لے کر چلے گئے تھے۔ جبکہ صوفیہ مرزا آج بھی فیملی  کورٹ میں کیس لڑ رہی ہے۔

رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری نے عمر فاروق کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ہے کہ "عمر فاروق ظہور وہ شخص ہے، جو ایک سے زیادہ ممالک میں دھوکہ دہی اور بچوں کے اغواء کے مقدمات میں مطلوب ہے، جسے IK کو نشانہ بنانے کے لیے بدمعاشوں کی امپورٹڈ گورنمنٹ نے خریدا ہے۔”

جیو نیوز پر انٹرویو دینے کے بعد نیوز 360 نے عمر فاروق ظہور کا موقف لینے کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی ، اور انہیں کال بھی کی تھی ، لیکن انہوں نے کال ریسیو نہیں کی۔ تاہم اپنے اوپر الزام کی تردید کے لیے اگر عمر فاروق ظہور ہمارے ساتھ رابطہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمارا فورم کھلا ہے وہ اپنا موقف کسی بھی وقت دے سکتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر