توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان اور فواد چوہدری پیش نہ ہوئے، سماعت 13 دسمبر تک ملتوی

چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے کہا ہے کہ عمران خان گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہیں جبکہ فواد چوہدری ڈینگی بخار میں مبتلا ہیں۔

توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے بتایا ہے کہ عمران خان گولی لگنے کی وجہ سے مکمل صحت یاب نہیں ہوئے ہیں جب کہ فواد چوہدری ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہونے کے سبب پیش ہونے سے قاصر ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سربراہ تحریک انصاف عمران خان ، اسد عمر، اور فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر سے متعلق مقدمہ کی سماعت کی۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب کے بعد سندھ پولیس کے اہلکاروں کو بھی مضر صحت کھانے کی فراہمی

پی ٹی آئی نے فیض آباد پر دھرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے دی

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ عمران خان گولی لگنے کی وجہ سے مکمل صحت یاب نہیں ہوئے ہیں اور آرام کر رہے ہیں ، انہیں ڈاکٹرز نے ابھی سفر کی اجازت نہیں دی ہے۔

عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ فواد چوہدری کو ڈینگی ہو گیا ہے، جس سے ریکوری میں 10 سے 15 روز درکار ہیں۔

وکیل کی جانب سے عمران خان اور اسد عمر کے لیے الیکشن کمیشن میں غیر حاضری کی درخواست دے دی گئی۔

وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کل ہم توہینِ الیکشن کمیشن کیس پر دلائل کے لیے تیار تھے، تاہم علم ہوا کہ سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی اس معاملے سے متعلق درخواست زیر سماعت ہے۔

الیکشن  کمیشن نے مقدمہ کی مزید سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ تحاریر