سکھر کے گرلز اسکولوں میں طالبات سے جھاڑو لگوانے کا انکشاف ، ویڈیو وائرل
بچیوں سے اسکولوں میں جھاڑو لگانے کے معاملے پر سماجی حلقوں اور والدین نے حکام بالا سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سکھر کے گرلز ہائی اسکولوں میں طالبات کو تعلیم دینے کے بجائے صفائی کرائی جانے لگی ، ہر ماہ اساتذہ کی تنخواہوں میں سے رقم کی کٹوتی کئے جانے کا انکشاف ، ثبوت سامنے آگئے، شہری و سماجی حلقوں سمیت والدین میں تشویش کی لہر ، حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کے مختلف گرلز ہائی اسکولوں میں طالبات سے اسکول اوقات کار کے دوران کلاس رومز ، ہیڈمسٹریس کے آفس اور دیگر کمروں کی صفائی کا کام لیا جانے لگا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
موسمیاتی جنگ کو جیتنے کے لیے عملی کوششوں کی ضرورت ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی
ہمدرد پاکستان کی ’’خود کو پہچانو‘‘ کے عنوان سے صافی مہم کا آغاز
اس حوالے سے سکھر کے گرلز ہائی اسکول کی ایک ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے جس میں طالبات کو جھاڑو لگاتے ہوئے اور کرسیاں وغیرہ اٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب اسی اسکول کے حوالے سے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ اسکول میں ہر ماہ اساتذہ سے سوئیپر کو تنخواہ دینے کی مد میں 300 روپے فی کس وصول کئے جارہےہیں اور اس حوالے سے اسکول میں ایک رجسٹر رکھا گیا ہے جس میں ہر ماہ اساتذہ سے 300 روپے کی وصولی کا اندراج کیا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف سکھر کے اسی اسکول میں نہیں بلکہ تقریباً تمام گرلز اسکولز میں کم و بیش اسی طر ح کی صورتحال ہے۔
اسکولوں میں طالبات سے صفائی کا کام لیا جاتا ہے اور اساتذہ کی تنخواہوں میں سے 300 روپے کٹوتی کی جاتی ہے اور یہ رقم جمع ہونے کے بعد اسکولوں کی ہیڈمسٹریس اس میں حصہ محکمہ تعلیم کے افسران تک پہنچاتی ہیں ، جس کی وجہ سے اگر کسی اسکول کی ٹیچر احتجاج کرتی ہے تو اس کا تبادلہ کر دیا جاتا ہے۔
صورتحال پر موقف دیتے ہوئے ڈی او سیکنڈری اسکول شہاب الدین انڈھڑ نے لاعلم ہونے کا اظہار کیا اور کہا کہ مذکورہ اسکول کی ہیڈمسٹریس کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب اس صورتحال پر شہری و سماجی حلقوں سمیت بچیوں کے والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔