ایم کیو ایم پاکستان کا خواتین کنونشن فلاپ شو نکلا

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیرقیادت ایم کیو ایم پی نے کراچی کے نشتر پارک میں خواتین کا کنونشن منعقد کیا جو فلاپ شو ثابت ہوا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) جانب سے کراچی کے نشتر پارک میں خواتین کا کنونشن منعقد کیا گیا جو کہ فلاپ شو ثابت ہوا۔

ایم کیو ایم پی کی موجودہ قیادت خواتین کا ایک بڑا ہجوم اکٹھا کرنے میں بری طرح سے ناکا رہی ، جبکہ ماضی میں یہی جماعت ہزاروں کی تعداد میں خواتین کا پاور شو کیا کرتی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان عوامی مقبولیت کھوچکے ہیں، سلیمان شہباز کا دعویٰ

وزیراعلیٰ پنجاب سے تلخ کلامی کے بعد سردار حسنین بہادر وزارت سے مستعفی

کئی دھڑوں میں بٹی ہوئی سیاسی جماعت کے لیے اس بار بڑی تعداد میں کارکنوں کو جمع کرنا مشکل دکھائی دے رہا تھا۔

کنونشن سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، خواجہ اظہار الحسن، نسرین جلیل، کشور زہرہ اور دیگر نے خطاب کیا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 2012 کے بعد خواتین کا یہ بڑا تاریخی اجتماع ہے، ایم کیو ایم کو کوئی ختم یا توڑ نہیں سکتا۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر نے کراچی کی تاریخی حیثیت کو تبدیل کے معیشت کو تباہ کردیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کراچی کی اگلی میئر ایم کیو ایم کی خاتون ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ایم کیو ایم کو ختم کرنے آئے تھے آج ان کے نام اور نشانات ختم ہو گئے ہیں۔

نسرین جلیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کراچی میں کام کیوں نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمارے بہت مسائل تھے، ہمارے لوگ ناراض تھے کہ انہوں نے ان کے ساتھ معاہدہ نہیں کیا، شاید ہمارے لوگ صحیح تھے، پیپلز پارٹی اپنے وعدے پورے نہیں کر رہی۔

کنونشن سے ایم این اے کشور زہرہ، ایم کیو ایم کے رہنما خوش بخت شجاع اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تاہم ناقدین نے جب خالد مقبول صدیقی خطاب کررہے تھے تو پنڈال میں خالی نشستوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں اور ایم کیو ایم کے خواتین کنونشن کو قیادت کی سیاسی ناکامی قرار دیا ہے۔

ایم کیو ایم لندن کے رہنما مصطفیٰ عزیزآبادی نے 19 فروری 2012 کو باغ جناح میں منعقدہ متحدہ قومی موومنٹ کی خواتین کے جلسے کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی جس سے بانی الطاف حسین نے خطاب کیا تھا۔

مصطفیٰ عزیزآبادی لکھتے ہیں کہ ” باپ کے جوتے میں پیر ڈال کر خود کو باپ سمجھنے والو ! آنکھیں کھول کر دیکھو خواتین کا تاریخی جلسہ اسےکہتے ہیں۔ 19 فروری 2012 ، بمقام باغ جناح مزار قائد اعظم کراچی۔ یاد رہے کہ یہ صرف MQM کی خواتین کا جلسہ تھا جس میں شریک لاکھوں خواتین اپنے محبوب لیڈر الطاف حسین کو سننے آئی تھیں۔”

متعلقہ تحاریر