تحریک انصاف کا مہنگائی کے خلاف جمعے سے ملک گیر احتجاج کا اعلان
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مہنگائی ، بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف کل سے ملک گیر احتجاج شروع کیا جائےگا۔ احتجاج حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جمعے کے روز سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے جارہی ہے۔ سربراہ تحریک انصاف عمران خان تین ہفتوں بعد آگے کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
لاہور میں زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے،بجلی،گیس مل نہیں رہی۔
یہ بھی پڑھیے
معاشی اور سیکیورٹی صورتحال سے متعلق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب
عمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس میں دفاع کا حق ختم کرنے کے خلاف دائر اپیل خارج
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے استعفے قبول نہیں کر رہے، ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں، استعفے اجتماعی ہوں گے،سپریم کورٹ بتائے کہ اس مسئلے کا کیا حل ہے، 11استعفے انہوں نے منظور کرلیے تو باقی نہیں ہوسکتے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 11استعفے ان نشستوں کے منظور ہوئے جہاں وہ سمجھتے کہ پی ٹی آئی کمزور ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے جو 11 استعفے منظور کئے کیا انہیں بلایا گیا تھا، جو لوگ اسپیکر سے رابطے کر رہے ہیں راجہ پرویز اشرف ان کے نام دیں۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اجتماعی استعفے دینا چاہتے ہیں،اعتماد کا ووٹ لیتے ہی ہم اسمبلی کی تحلیل کی طرف جائیں گے، پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جنوری کے پہلے ہفتے میں بلایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اسلام آباد کے الیکشن سے بھی بھاگ گئے ہیں، کسی کو لندن، کسی کو عمرے پر بھیجنے کی پیشکش کی جا رہی ہے، زرداری اینڈ کمینی کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، پنجاب میں ایم پی ایز کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کاواحد حل انتخابات ہیں، کسی بھی قسم کی ٹیکنوکریٹ حکومت کو مسترد کرتے ہیں، گورنر اسمبلی میں پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں، گورنر ایک غیر آئینی اقدام کا حصہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بنانے اور اسمبلی تحلیل کرنے کا حق ہمارا ہے، پنجاب اسمبلی میں اس وقت تحریک انصاف کے 190 ممبرز ہیں، اجلاس میں پنجاب میں حکومت کی تبدیلی پر بھی بات ہوئی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک کا آئین بحال کر کے انتخابات کی طرف بڑھا جائے، پہلے تجربوں کی طرح یہ تجربہ بھی ناکام ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیکنوکریٹ آئے تو وہ معاملات کو نہیں سنبھال سکیں گے، نواز شریف ملک میں مارشل لاء لگوانا چاہتے ہیں، عمران خان کی وجہ سے نہیں لگا، انتخابات پر فوکس کیا جائے، پی ڈی ایم عوام کے سامنے جانے کی جرات کرے۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ کمیٹی میں اعظم سواتی کامعاملہ زیرغور آیا، اعظم سواتی کیلئے سب جیل ڈیکلیئر کرنے کی مذمت کرتے ہیں، یہاں اعظم سواتی کو گرفتار کرکے رکھاگیا اس کےسامنے احتجاج کریں گے، اعظم سواتی پر45ایف آئی آر درج کی گئیں، اعظم سواتی پر درج مقدمات کیخلاف بھرپور احتجاج کیاجائےگا۔
رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی کامیابی پاکستان کی ناکامی ہے، جس طرح اسحاق ڈار کیس جیتے اس پر ہر پاکستانی شرمندہ ہے، اسحاق ڈار کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں،انہوں نے قانونی جنگ جیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "ان مظاہروں کی قیادت پی ٹی آئی کے ایم این اے اپنے حلقوں میں کریں گے،” انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریک ہر شہر میں جاری رہے گی۔ تین ہفتے بعد عمران خان اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔









