بیشتر معاشی اعشاریے پورے، پھر تحریک انصاف حکومت کی چھٹی کیوں ہوئی؟

مالی سال 2021-22 کے اقتصادی سروے کے مطابق گزشتہ حکومت نے جو اہداف حاصل مقرر کیے تھے ان میں سے زیادہ تر اہداف کو حاصل کرلیا گیا ہے۔

قومی اقتصادی سروے کے مطابق معاشی شرح نمو، زراعت، انڈسٹری، سروسز سیکٹر، برآمدات، اہم فصلوں، لارج مینوفیکچرنگ اور چھوٹی صنعتوں کے اہم اہداف حاصل کرلیے گئے۔

سروے کے اہم نکات کے مطابق فی کس آمدن کا 2 لاکھ 46 ہزار 414 روپے کا ہدف پورا کر لیا گیا جبکہ 11 ماہ میں ملکی برآمدات ریکارڈ 29 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

یہ بھی پڑھیے

مالی سال 23-2022 کے ترقیاتی اخراجات کی تفصیل نیوز 360 پر

حکومت کتنے خسارے کا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے؟

سرکاری دستاویز کے مطابق رواں مالی سال2021-22 جی ڈی پی 6 فیصد رہی جبکہ جی ڈی پی کا ہدف 4.8 فیصد مقرر کیا گیا تھا، دستاویز کے مطابق رواں مالی سال زرعی شعبے کی پیداوار4.4 فیصد جبکہ ہدف 3.5 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔

دستاویز کے مطابق رواں مالی سال صنعتی شعبے کی پیداوار 7.2فیصد جبکہ پیداواری ہدف 6.6 فیصد مقرر کیا گیا تھا اسی طرح سے رواں مالی سال خدمات کے شعبے کی پیداوار 6.2 فیصد اور خدمات کے شعبہ کا پیداواری ہدف 4.7 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔

اسی طرح سے رواں مالی سال اوسط مہنگائی کی شرح 13.3 فیصد جبکہ مہنگائی کا ہدف 8 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔

دستاویز کے مطابق مجموعی سرمایہ کاری16.1 فیصد ہدف کے مقابلے15.1 فیصد اور رواں مالی سال فکسڈ انوسٹمینٹ کی شرح 13.4 فیصد رہی۔

دستاویز کے مطابق نیشنل سیونگز 15.4 فیصد ہدف کے مقابلے11.1 فیصد رہی ، سرکاری دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کپاس کی پیداوار 8.3 ملین بیلز ، چاول کی پیداوار 9.3 ملین میٹرک ٹن ، گنے کی پیداوار 88.7 ملین میٹرک ٹن گندم کی پیداوار26.4 ملین میٹرک ٹن ہوگئی ہے۔

اقتصادی سروے کے مطابق ملکی معیشت کا حجم 383 ارب ڈالرز ، فی کس آمدن 1676 ڈالرز سے بڑھ کر 1798 ڈالر ریکارڈ جبکہ رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا ہدف 2 ارب 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز مقرر تھا۔

دستاویز کے مطابق جولائی تا اپریل کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 13 ارب 80 کروڑ ڈالرز پر پہنچ گیا جبکہ جاری مالی سال کیلئے تجارتی خسارے کا ہدف 28 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز مقرر تھا۔

سروے رپورٹ کے مطابق جولائی تا مئی تجارتی خسارہ رکارڈ 43ارب 33 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا اسی طرح درآمدات کا ہدف 2021-22 کیلئے 55 ارب 26 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز مقرر کیا گیا تھا۔

دستاویز کے مطابق جولائی تا مئی کے دوران درآمدات72ارب18کروڑ20 لاکھ ڈالرز پر پہنچ گئیں جبکہ رواں مالی سال کیلئے برآمدات کا ہدف26 ارب83 کروڑ ڈالرز مقرر تھا جولائی سے مئی میں برآمدات 28ارب84 کروڑ80 لاکھ ڈالرز رہیں ہیں۔

متعلقہ تحاریر