ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان کی 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور

اسپیشل جج سینٹرل نے عمران خان کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

اسپیشل سینٹرل کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 31 اکتوبر تک کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی اسپیشل سینٹرل کورٹ اسلام آباد میں اسپیشل جج آصف محمود نے سماعت کی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عدالت میں پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کی مستقل ضمانت منظور

الطاف حسین کا نام نادرا ریکارڈ سے غائب، اسلام آباد ہائی کورٹ نے جواب طلب کرلیا

عمران خان کے وکیل سلطان صفدر نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے اس عدالت کے دائرہ اختیار کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے اور یہ معاملہ ابھی زیر سماعت ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آپ ابھی اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر آئے ہیں۔

جج راجہ آصف محمود نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی آر میں کچھ دفعات ہمارے دائرہ اختیار میں آتی ہیں اور کچھ دفعات ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔

اس پر وکیل سلیمان صفدر نے کہا کہ ہم نے ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کروائی تھی۔

عدالت نے کہا کہ جب تک عدالت کے دائرہ اختیار کا معاملہ حل ہوتا ہے درخواست گزار عمران خان کو عبوری ضمانت دے دیتے ہیں۔

جس پر چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں دو ہفتے کی عبوری ضمانت دی جائے جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

اسپیشل جج سینٹرل نے عمران خان کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی کل تک حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے جبکہ ممنوعہ فنڈنگ کیس پر ایف آئی اے نے مقدمہ کر رکھا ہے۔

متعلقہ تحاریر