پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے ناصر موسیٰ زئی کے گھر پر دستی بم حملہ
یاد رہے کہ رکن قومی اسمبلی ناصر موسیٰ زئی نے گذشتہ دنوں پی ٹی آئی کو چھوڑ کر جے یو آئی (ف) میں شمولیت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پشاور کے علاقے پھندو روڈ سوڑی زئی میں نامعلوم افراد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن قومی اسمبلی ناصر موسیٰ زئی کے ہجرے پر دستی بم حملہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم حملہ آووروں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بم کے نتیجے میں گھر کے دروازوں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی: کوچنگ سینٹر میں طالبعلم کی کلاشنکوف سے فائرنگ، ایک طالبعلم جاں بحق
کمالیہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، زیرحراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی
ابتدائی تفصیلات کے مطابق تھانہ انقلاب کی حدود ناصر خان موسی زئی کے حجرے پر نامعلوم ملزمان نے ہینڈ گرنیڈ پھینک دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر سرکل محمد علی خان اور ایس ایچ او تھانہ انقلاب مسعود خان اور بی ڈی یو فوری موقع پر پہنچ گئی ، جنہوں نے جائے وقوعہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھا کرکے بی ڈی یو نے ہینڈ گرنیڈ کی تصدیق کردی ہے. دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے البتہ دیوار کو جزوی نقصان پہنچا ہے اور قریب کمرے کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق اصل حقائق معلوم کرنے کی خاطر اہم شواہد کی روشنی میں مختلف زاویوں پر جامع تفتیش کا آغاز کردیا ہے جبکہ قریبی علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی کیے جارہے ہیں۔
یاد رہے ایم این اے ناصر موسی زیی نے حال ہی میں تحریک انصاف کو خیر باد کہہ کر جے یو آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔