ڈالر کی بے قابو اڑان:معاشی ماہرین اور صحافی وزیرخزانہ اسحاق ڈار پر پھٹ پڑے

وقت آگیا ہے کہ ن لیگ اعتراف کرے کہ مفتاح اسماعیل بالکل بجا تھے، خرم حسین: روپے کی بے قدری دانشورانہ طور پر بدعنوان ماہر معاشیات کے منہ پر طمانچہ ہے، شبرزیدی: اسحاق ڈار استعفیٰ دیں اور دوبارہ کبھی وزیرخزانہ نہ بنیں، عزیر یونس: اسحاق ڈار کو مفتاح اسماعیل سے معافی مانگنی چاہیے، اسماعیل خان

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی بے قابو اڑان کے بعد معاشی ماہرین اور تجزیہ کار 4 ماہ تک ڈالر کی قدر کو مصنوعی طور پر روکنےاور3 ماہ تک  آئی ایم ایف پروگرام کو  موخر کرنے پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار کیخلاف پھٹ پڑے۔

سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، معاشی تجزیہ کار عزیر یونس،خرم حسین اور اسماعیل خان نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو شدید تنقیدکا نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اسحاق ڈار کے سربسجود ہوتے ہی آئی ایم ایف مذاکرات پر آمادہ ہوگیا

امریکی ڈالر ریکارڈ 25 روپے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

سینئر صحافی اور معاشی تجزیہ کار خرم حسین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”مسلم لیگ ن کیلیے وقت آگیا ہے کہ وہ اعتراف کرے کہ مفتاح اسماعیل بالکل بجا تھے، ایسے نازک وقت میں 3 ماہ تک آئی ایم ایف پروگرام  ملتوی کرکےناقابل حساب نقصان ہوا اور اس التوا کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔اگر پاکستان آئی ایم ایف پروگرام پر عمل پیرا رہتا تو آج ڈالر اس بلند ترین سطح پر نہیں پہنچتا۔

سابق چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی نے کہاکہ  پاکستانی روپے کی سرکاری قیمت میں 24 روپے سے زائد کی  کمی، کیا یہ ہمارے ہوش  میں آنے کا وقت نہیں ہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ  دانشورانہ طور پر بدعنوان ماہر معاشیات کے منہ پر طمانچہ ہے ، جو کہہ رہے تھے کہ سب ٹھیک ہے اور پاکستان بہت اچھا  جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 35سے 40 فیصد مہنگائی کے ساتھ غریب کیسے زندہ رہے گا؟

معاشی تجزیہ کا ر عزیر یونس نے اسحاق ڈارکی  معاشی پالیسی کو عمران خان کی پٹرول سبسڈی سے خطرناک قرار دیتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ عزیریونس نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ  ایک آدمی کی انا اور کوکونومکس میں یقین نے معیشت کو تباہی  کے  دہانے پر پہنچا دیا۔

انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار کی حقیقت کھلنے پر عام آدمی کو ناقابل تصور صدمی پہنچے گا۔ یہ عمران خان کی پٹرول سبسڈی سے کہیں زیادہ مہنگا ہوگا،انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار کو لازمی مستعفی ہونا چاہیے اور آئندہ کبھی وزیر خزانہ نہیں بننا چاہیے۔

سینئر صحافی اسماعیل خان نے اپنے ٹوئٹ میں  اسحاق ڈارکا نام لیے بغیر انہیں تنقید کانشانہ بناتے ہوئے لکھاکہ جوکہتا تھا کہ وہ جانتا ہے کہ آئی ایم ایف سے کیسے بات چیت کرنی ہے ، اسے اپنے رویے پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے ، سخت شرائط اس کے حلق  سے نیچے اتر جائیں گی، اسے مفتاح اسماعیل سے معافی مانگنی چاہیے۔

متعلقہ تحاریر