وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کو تمام شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی کرادی
اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے ماضی میں آئی ایم ایف کے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا تھا اور حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج فنانس ڈویژن میں آئی ایم ایف مشن چیف مسٹر نیتھن پورٹر کی سربراہی میں آئی ایم ایف کے جائزہ وفد سے ملاقات کی۔
پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ محترمہ ایستھر پیریز روئیز،وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایس اے پی ایم برائے خزانہ جناب طارق باجوہ، ایس اے پی ایم آن ریونیو جناب طارق محمود پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جناب جمیل احمد، اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف کے وفد کے ارکان اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات: ابھی نہیں تو کبھی نہیں کا معاملہ
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ملکی برآمدات 12 فیصد کمی کا شکار ہوگئی
اجلاس میں توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزے کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی اقتصادی ، مالیاتی پالیسیز اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کیا اور آئی ایم ایف کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف کے مشن کو مالیاتی اور اقتصادی اصلاحات ، حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں کیے جانے والے اقدامات بشمول مالیاتی خسارے کو کم کرنے، ڈالر کے شرح مبادلہ میں استحکام اور معیشت کی بہتری کے لیے توانائی کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کو کم کرنے اور طریقہ کار وضع کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے بات چیت جاری رکھنے پر آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کا بھی شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف کے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا تھا اور حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے آئی ایم ایف کے مشن کو اپنی تمام تر حمایت کی یقین دہانی کرائی اور توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت 9ویں جائزہ کو مکمل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔
اس موقع پر آئی ایم ایف کے مشن چیف نیتھن پورٹر کا کہنا تھا کہ امید ہے حکومت پاکستان نویں جائزے کی تکمیل کے لیے شرائط پر پورا اترے گی، توقع ہے کہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لیے پیش رفت جاری رکھے گا۔
نیتھن پورٹر ک مزید کہنا تھا کہ امید ہے پروگرام مقررہ وقت میں موثر طور پر مکمل ہوگا ، مالی اصلاحات کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔









