آئی ایم ایف نے بجلی کا یونٹ 12.5 روپے مہنگا کرنے کا مطالبہ کردیا

بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی 6 روپے 79 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز مسترد کردی۔

بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت کے لیے نیا محاذ کھول دیا، وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی 6 روپے 79 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز مسترد، بجلی کا یونٹ 12.5 روپے فی یونٹ مہنگا کرنے کا مطالبہ کردیا۔

حکومت پاکستان کی آئی ایم ایف کے سامنے ایک نہیں چلی رہی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت پوری حکومتی ٹیم آئی ایم ایف کے سخت ترین رویے سے پریشان ہے اور حکومت پاکستان نے عوام کے لیے جو کڑوی گولیاں تیار کی تھیں انہیں آئی ایم ایف نے مسترد کرتے ہوئے مزید کڑواہٹ ڈالنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

آئی ایم ایف کا ایک اور وار: ایف بی آر کو 8300 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف دیدیا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے کے بعد ریلوے کے کرایوں میں 8 اضافہ کردیا گیا

پاور ڈویژن کے حکام نے نیوز 360 کو بتایا کہ مذاکرات کے دوسرے روز آئی ایم ایف وفد کے ساتھ پاور ڈویژن حکام کی ملاقات ہوئی اور اس میں سرکلر ڈیٹ میں کمی کا مکمل پلان آئی ایم ایف کو پیش کیا گیا۔

اس پلان کے تحت بتایا گیا کہ حکومت نے بجلی مزید 6 روپے 79 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کو تیار ہے۔ حکومت نے آئی ایم ایف کو بجلی مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرائی، اگلے پانچ ماہ کے دوران بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافے کی تجویز دی۔

پاور ڈویژن کے حکام نے آئی ایم ایف کو گردشی قرضے کے نئے پلان پر بریفنگ دی، بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے گردشی قرضے میں کمی کا روڈ میپ دیا۔ بتایا گیا کہ  بجلی چوری روکنے ، لائن لاسز میں کمی سے سرکلر ڈیٹ کم کیا جائے گا۔

رواں ماہ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے بجلی 4 روپے 46 پیسے تک مہنگی کی جائے گی۔ فروری میں ٹیرف میں اوسط اضافہ 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ کیا جائے گا۔ مارچ میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 69 پیسے مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی۔  جون میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 64 پیسے اضافے کی تجویز دی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے سرکلر ڈیٹ میں کمی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو ناکافی قرار دے دیا، بجلی کی سبسڈی میں  340 ارب روپے کمی کا مطالبہ کردیا اور مطالبہ کیا کہ بجلی کی سبسڈی کی رقم 675 ارب سے کم کرکے 335 ارب روپے تک محدود کی جائے جو کہ بجٹ میں موجود ہے۔ بجٹ سے ہٹ کر کسی بھی قسم کی سبسڈی منظور نہیں کی جائے گی۔

اس طرح وفاقی حکومت بجلی کے ریٹ 6 روپے 79 پیسے فی یونٹ کی بجائے 12 روپے 50 پیسے فی یونٹ بڑھانا پڑیں گے۔ یوں وفاقی حکومت کی جانب سے سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان مسترد کردیا گیا ہے اور اس پلان کو مزید سخت اقدامات کے ساتھ دوبارہ تیار کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر