فروری میں گاڑیوں کی فروخت 73 فیصد کمی کے ساتھ 3 سال کی کم ترین سطح پرآگئی

گزشتہ ماہ گاڑیوں کی مجموعی فروخت صرف 5 ہزار 762 یونٹس رہی،یہ تعداد مئی 2020 میں 4 ہزار 500 یونٹس کے بعد ماہانہ فروخت کی سب سے کم تعداد ہے، سوزوکی کی گاڑیوں کی فروخت میں 92فیصد کمی ریکارڈ

ملک میں جاری معاشی بحران آٹو موبائل سیکٹر کو دن بدن اپنی لپیٹ لے رہا ہے۔فروری میں گاڑیوں کی فروخت 73 فیصد کمی کے ساتھ 3 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔فروری میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت 5 ہزار 762 یونٹس رہ گئی۔

انگریزی روزنامہ ڈان کے مطابق یہ تعداد مئی 2020 میں 4 ہزار 500 یونٹس کے بعد ماہانہ فروخت کی سب سے کم تعداد ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جنوری 2023 میں گاڑیوں کی فروخت سالانہ بنیاد پر 47فیصد کمی ریکارڈ

انڈس موٹر کے بعد ہنڈا اٹلس نے بھی مہینے میں دوسری بار گاڑٖیاں مہنگی کردیں

مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران گاڑیوں کی  مجموعی فروخت 44 فیصد کم ہو کر ایک لاکھ 57 یونٹس رہ گئی جو مالی سال 2022 کی اسی مدت میں ایک لاکھ 78 ہزار 250 تھی۔

گاڑیوں کی فروخت  میں اس بڑی کمی کے دوران  ہنڈائی نشاط کے”ٹکسن“ نے غیر معمولی طور پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا کیونکہ اس نے جنوری کے 620 یونٹس کے مقابلے میں فروری میں 708 یونٹس فروخت کیے۔

مالی سال 2023 کے 8 ماہ میں ٹکسن کی فروخت 60 فیصد بڑھ کر 3 ہزار 558 یونٹس ہوگئی جو مالی سال 2022 کے اسی عرصے میں 2 ہزار 230 یونٹس تھی۔

ایلانٹرا اور سوناٹا کی فروخت فروری میں بڑھ کر 243 اور 197 یونٹس ہوگئی جو جنوری میں بالترتیب 173 اور 191 یونٹس تھی۔تاہم رواں مالی سال کے 8 ماہ میں ان کی طلب 12 اور 43 فیصد کمی کے بعد ایک ہزار 695 اور 939 یونٹس پر آگئی جب کہ گزشتہ مالی سال میں یہ تعداد ایک ہزار 929 اور ایک ہزار 638 تھی۔

اسی طرح فروری میں ہنڈائی پورٹر کی فروخت 123 یونٹس رہی، جو جنوری کے مقابلے میں 21 فیصد کم ہے جبکہ 8 ماہ کے دوران اس گاڑی کی فروخت 27 فیصد کم ہو کر 846 یونٹس رہ گئی۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی کارکردگی فروری میں 978 یونٹس کی فروخت کے ساتھ اس کے ہم عصروں سے بدتر اور جنوری میں 2 ہزار 945 یونٹس کی فروخت سے 67 فیصد کم رہی۔تاہم گزشتہ برس فروری میں 12 ہزار 668 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں رواں برس فروری کی فروخت 92 فیصد کم رہی۔یوں 45 فیصد کمی کے ساتھ رواں مالی سال کے 8 ماہ میں سوزوکی گاڑیوں کی مجموعی فروخت 52 ہزار 294 یونٹس رہی۔

سوزوکی سوئفٹ کی فروخت گزشتہ مالی سال کے 8 ماہ کے497یونٹس کے مقابلے میں رواں مالی سال کے اسی عرصے میں 7 ہزار 707 یونٹس رہی جبکہ کلٹس کی فروخت  67 فیصد کمی کے ساتھ  5 ہزار 758یونٹس ، ویگن آر کی فروخت 69 فیصد کمی کے ساتھ 4 ہزار 533یونٹس ، آلٹو کی فروخت 35 فیصد کمی کے ساتھ 28 ہزار 202 یونٹس جبکہ بولان اور راوی کی فروخت 70 فیصد کمی کے ساتھ بالترتیب 3 ہزار 83 اور 3 ہزار 11 یونٹس رہی۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق انڈس موٹر کمپنی آئی ایم سی کی فروخت جنوری کے 3 ہزار 570 کے مقابلے فروری میں 49 فیصد کم ہوکر ایک ہزار 803 یونٹس رہ گئی جبکہ کمپنی نے فروری 2022 میں 4 ہزار 630 یونٹس فروخت کیے تھے۔

اسی طرح رواں مالی سال کے 8 ماہ میں ٹویوٹا کرولا اور یارس کی فروخت گزشتہ مالی سال کے 14 ہزار 875 یونٹس کے مقابلے میں 61 فیصد کم ہو کر 14 ہزار 875 یونٹس رہ گئی جبکہ فارچیونر اور ہائیلکس کی فروخت گزشتہ مالی سال کے 8 ماہ میں فروخت ہوئے 11 ہزار 119 یونٹس کے مقابلے میں 21 فیصد کم یعنی 8 ہزار 805 یونٹس رہی۔

علاوہ ازیں مالی سال 2023 کے آٹھ ماہ میں ہنڈا سوک/سٹی کی فروخت 50 فیصد کم ہو کر 11 ہزار 770 یونٹس رہ گئی جو گزشتہ مالی سال میں 23 ہزار 552 فروخت ہوئی تھیں۔گزشتہ ماہ میں ان دونوں گاڑیوں کی فروخت ایک ہزار 244 رہی جو کہ جنوری میں ایک ہزار 620 یونٹس اور فروری 2022 میں 2 ہزار 286 تھی۔

علاوہ ازیں فروری میں ہنڈا بی آر وی کی فروخت جنوری کے ایک ہزار 84 یونٹس کے مقابلے 64 فیصد کمی کے ساتھ 392 یونٹس  رہی تاہم گزشتہ مالی سال کے 8 ماہ کے 2 ہزار 807 یونٹس کے مقابلے رواں مالی سال کے اسی عرصے میں بی آر وی کی فروخت اضافے کے ساتھ  3 ہزار 673 یونٹس  رہی ہے۔

متعلقہ تحاریر