وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پرامید
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ آئی ایم ایف جلد اسٹاف لیول معاہدہ کرکے ایگزیکٹو بورڈ سے منظور کروائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پراعتماد طریقے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے جتنی شرائط عائد کیں سب پر عملدرآمد کیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان ڈومور سے نومور کی پوزیشن پر آگیا؟۔
عید الفطر کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے ڈومور کو نومور کا پیغام دے گئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کی تمام شرائط پوری ہو گئیں ہیں، اب توقع ہے کہ آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے کرلے گا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا 9واں جائزہ ڈراؤنا خواب بن گیا
رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں حکومت نے 7 ارب 76 کروڑ ڈالر قرض لیا
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ آئی ایم ایف جلد اسٹاف لیول معاہدہ کرکے ایگزیکٹو بورڈ سے منظور کروائے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سعودی عرب اور یو اے ای نے پاکستان کو فنانسنگ کے بارے آئی ایم ایف کو مطلع کردیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر فراہم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق ایک اور برادر اسلامی ملک متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر فراہم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔









