مرکزی بینک نے منسوخ شدہ پرائز بانڈز کے شرح تبادلہ کی تاریخ میں توسیع کردی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ 7500 ، 15000، 25000 اور 40000 والے بانڈز ہولڈر 30 جون 2023 تک پرائز بانڈز تبدیل کرواسکتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ 7500 ، 15000، 25000 اور 40000 والے بانڈز ہولڈر 30 جون 2023 تک پرائز بانڈز تبدیل کرواسکتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے منسوخ شدہ  پرائز بانڈز کو نقد کرانے کی آخری تاریخ  میں توسیع کردی۔

وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے 7,500 روپے ، 15,000 روپے ، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے  پرائز بانڈز کا تبادلہ / نقد کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے 

صنعتکاروں کی سیاسی و معاشی بدحالی سے بچنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے دردمندانہ اپیل

موجودہ ملکی صورتحال کو سلجھانے کیلئے بزنس کمیونٹی میدان عمل میں آگئی

قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022ء کی تاریخ  مقرر کی تھی ، تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کرا سکے تھے انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کردی گئی ہے۔ مذکورہ پرائز بانڈز کے سرمایہ کاروں کو انہیں نقد کرانے یا تبادلے  کے لیے درج ذیل آپشنز دیے گئے ہیں:

الف۔ ظاہری مالیت پر نقد کرانا۔

ب۔ ان بانڈز کی 25,000 روپے اور /یا 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی۔

ج۔ انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلنا۔

ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023ء تک کیا جا سکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز  نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ان  بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ  اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کا 30 جون 2023ء سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا اور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔

متعلقہ تحاریر