اسٹاک ایکسچینج میں صفر اعشاریہ 16 فیصد کمی؛ ڈالر، یورو اور درہم سستا ہوگیا
پاکستانی حصص بازار کا 100 انڈیکس جمعہ کو 65 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 964 کی سطح پر آگیا جبکہ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر، یورو، درہم و ریال کی قدر میں کمی آئی جبکہ سونے کے بھاؤ بھی کم ہوئے
کاروباری ہفتے کے آخری پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں صفر اعشاریہ 16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدر بڑھی جبکہ سونے کے بھاؤ کم ہوئے ۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو منفی رجحان دیکھا گیا ہےتاہم کرنسی مارکیٹ میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہوا جبکہ صرافہ بازار میں بھی سونے کی قیمت میں معمولی کمی آئی ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
ملکی معیشت کے مجموعی حجم میں 33.4 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ، حکام ادارہ شماریات
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس )میں آج صفر اعشاریہ 16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ سرمایہ کاروں نے آئندہ مالی سال 2023/2024 بجٹ سے قبل محتاط رویہ اختیار کیا ہوا ہے ۔
پاکستانی حصص بازار کا 100 انڈیکس جمعہ کو 65 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 964 کی سطح پر آگیا ہے۔ ابتدائی سیشن میں مارکیٹ میں تیزی رہی تاہم آخری سیشن میں رجحان منفی ہو گیا تھا ۔
آل شیئرز انڈیکس کا حجم جمعرات کے 125.3 ملین سے بڑھ کر 168.5 ملین ہو گیا ، ٹریڈ ہونے والے حصص کی مالیت گزشتہ سیشن میں 4.1 بلین روپے سے بڑھ کر 6.8 بلین روپے ہو گئی۔
ورلڈ کال ٹیلی کام 10.3 ملین شیئرز کے ساتھ والیوم لیڈر تھا، اس کے بعد میپل لیف سیمنٹ 9.8 ملین شیئرز کے ساتھ اور نیشنل بینک 6.7 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
حصص بازار میں 329 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 120 کمپنیز کے شیئرز پرائس میں اضافہ اور 179 کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ 30 کمپنیز کے حصص کے بھاؤ مستحکم رہے ۔
جمعہ کوانٹربینک ٹریڈنگ میں پاکستانی روپیہ امریکی ڈالرکے مقابلے میں 59 پیسے بڑھ گیا اور گزشتہ روز 285.74 روپے کے بند ہونے کے مقابلے میں 285.15 روپے پر بند ہوا۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/vbNbrLpAuB pic.twitter.com/qmNyJmkUUS
— SBP (@StateBank_Pak) May 26, 2023
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی ) کے مطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی خرید و فروخت کی شرح بالترتیب 308 روپے اور 311 روپے ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک پاکستان (ایس بی پی ) کے مطابق یورو کی قیمت گزشتہ روز 306.64 روپے کے بند ہونے کے مقابلے میں53 پیسے کم ہوکر 306.11 روپے پر بند ہوئی۔
مرکزی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اماراتی درہم اور سعودی ریال کی شرح تبادلہ 16 پیسے اور11 پیسے کی کمی کے ساتھ 77.65 روپے اور 76.03 روپے پر بند ہوئی۔
دوسری جانب عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت 9 ڈالر کم ہوکر 1952 ڈالر فی اونس ہوگئی جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں معمولی کمی آئی ۔
ایک تولہ سونا 250 روپے کمی سے سونا 2 لاکھ 35 ہزار 750 روپے کا ہوگیا جبکہ 10 گرام سونا 214 روپے کی کمی کے بعد 2 لاکھ 2 ہزار 118 روپے کی سطح پر آگیا ہے ۔