وزیر خزانہ سے سی ای او نیسلے کی ملاقات، کمپنی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا
سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کاروباری برادری کو کاروبار کرنے میں آسانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
نیسلے پاکستان کے سی ای او مسٹر جیسن ایونسینا نے آج فنانس ڈویژن میں وفاقی وزیر برائے خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ سی ای او نے وزیر خزانہ کا کمپنی کے مسائل سے آگاہ کیا اور حکومت کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے تعاون کی درخواست کی۔
ملامات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا ، فنانس ڈویژن اور نیسلے ٹیم کے سینئر افسران موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے
چین کو ایک ارب ڈالر کی ادائیگی، زر مبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر تک گرگئے
غیر مستحکم سیاسی و معاشی صورتحال سے بڑی صنعتوں کی پیدوار میں 10 فیصد کمی
سی ای او نیسلے جیسن ایونسینا نے ڈیری اور دودھ کی صنعت کو سپورٹ کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ان کے کاروباری پروفائل اور شراکت کے بارے میں بتایا۔
جیسن ایونسینا نے وزیر خزانہ کو خاص طور پر بچوں کے لیے معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی میں کمپنی کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے سینیٹر اسحاق ڈار کو کمپنی کو درپیش کچھ مسائل سے بھی آگاہ کیا اور حکومت سے تعاون کا مطالبہ بھی کیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیسلے پاکستان کے وفد کا خیر مقدم کیا اور اقتصادی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کاروباری برادری کو کاروبار کرنے میں آسانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے لوگوں کو معیاری خوراک کی فراہمی پر نیسلے پاکستان کی تعریف کی اور اپنی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے ان کے مسائل کے حل کے لیے مزید تعاون اور سہولت فراہم کی۔
نیسلے پاکستان کے سی ای او جیسن ایونسینا نے تعاون اور مدد فراہم کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔