آئی ایم ایف پروگرام کی غیر یقینی صورتحال سے اسٹاک مارکیٹ میں 80 ارب روپے کا نقصان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 432 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 220 کی سطح پر آگیا تاہم کرنسی مارکیٹ میں ڈالر اور صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام سے متعلق غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی کا رجحان رہا تاہم روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدترین مندی چھائی رہی  تاہم انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ۔

یہ بھی پڑھیے

غیر مستحکم معاشی صورتحال کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری میں21 فیصد کمی

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کی بحالی پر کوئی پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے انتہائی محتاط رویہ اختیار کیے رکھا ہے ۔

بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 432 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 220 کی سطح پر آگیا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 80 ارب روپے کم ہوکر 6182 ارب روپے  ہوگئی ہے۔

اسٹاک بازار کا 100 انڈیکس آج ایک اعشاریہ صفر چھ فیصد کم ی کا شکار رہا ۔ پاکستان  حصص بازار میں آج 9 کروڑ 70 لاکھ شیئرز کے سودے 3 ارب 57 کروڑ میں طے ہوئے ۔

مارکیٹ میں آج 323 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا  جس میں سے 69 کی قیمتوں میں اضافہ  اور  231 کی قیمتوں میں کمی آئی  جبکہ 23 کمپنیز کے حصص کے بھاؤ مستحکم رہے ۔

دوسری جانب پاکستانی روپے نے بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں 0.24 یا 0.08 فیصد اضافے کے ساتھ امریکی ڈالر کے مقابلے میں معمولی اضافہ دیکھا اور 286.98 پر آ گیا۔

اسٹیٹ بینک پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کی قدر میں 24 پیسےاضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 286 روپے 98 پیسے کا ہوگیا۔

فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق  آج اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا ۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے کمی سے 290 روپے کی سطح پر آگیا ہے ۔

بین الاقوامی صرافہ بازار میں فی اونس سونا 17 ڈالر کمی سے 1934 ڈالر کا ہوگیا جسکے اثرات مقامی صرافہ بازار پر بھی پڑے اور سونے کی قیمت میں سیکڑوں روپے کی کمی آئی ۔

سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ  ایک تولہ سونا 1800 روپے سستا ہوکر 2 لاکھ 18 ہزار 700 جبکہ 10 گرام سونا   ایک لاکھ 87  ہزار 500 روپےہوگیا ۔

متعلقہ تحاریر